پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے ،حالات مزید خراب ہوگئے تو فوج کو ہی بلانا پڑے گا ، شیخ رشید ، حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے لئے مسائل پیدا کردیئے ، انٹرویو

اتوار 31 اگست 2014 13:42

پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے ،حالات مزید خراب ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے ،حالات مزید خراب ہوگئے تو فوج کو ہی بلانا پڑے گا۔ایک انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہاکہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے لئے مسائل پیدا کردیئے ہیں، امریکا اور برطانیہ میں بھی وزیراعظم اور ایوان صدر کے باہر احتجاج ہوتا ہے، اگر مظاہرین کی جانب سے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا تو انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام صبح حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے ۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں فوج کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کا چوہدری نثارعلی کی موجودگی میں فون آیا اور انہوں نے عمران خان اور طاہرالقادری سے ملنے کا کہا جس کے بعد آئی ایس پی آر نے واضح کردیا کہ حکومت نے خود آرمی چیف کو معاملے کے حل کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا کہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی اس غلط بیانی کے بعد انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا جواز نہیں بنتا۔