پی ٹی آئی کا جھڑپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ

اتوار 31 اگست 2014 11:19

پی ٹی آئی کا جھڑپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمد قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت گزشتہ رات ہونے والی جھڑپوں کے بعداب قانونی کارروائی کرنےپر غور کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا اتوار کی اعلی الصبح ہونے والے پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا جو پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کرنے میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن پر امن تھے اور پولیس کی جانب سے ان پر تشدد کیا گیا۔شاہ محمد قریشی نے کہا کہ آج صبح پارٹی کے اہم اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر اس واقعہ کی ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو عدالت تک جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کوشش تھی معاملے کو آئین و قانون کے مطابق حل کیا جائے اور ہم حکومت کے جواب کے منتظر تھے ۔