ریڈزون پر مظاہرین کی چڑھائی ،جھڑپیں جاری ، تازہ دم دستے پہنچ گئے

اتوار 31 اگست 2014 10:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء) وفاقی دارلحکومت کے ریڈزون میں ہونیوالی جھڑپوں میں اب تک 425زخمیوں کی تصدیق کردی گئی ہے اور بدستور زخمیوں کی ہسپتالوں میں آمد کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کے تازہ دم دستے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ایک مرتبہ پھر شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ، مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے احاطے میں خیمے لگالیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق12گھنٹوں سے زائد کا وقت گزرجانے کے باوجود انتظامیہ مظاہرین کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ، پولیس کے تازہ دم دستے ایک مرتبہ پھر ریڈزون میں پہنچ گئے ہیں اور انتظامیہ نے نفری کو غلیلوں اور شیشے کی گولیوں سے لیس کردیاہے ،پولی کلینک ہسپتال کے باہر، پی ٹی وی چوک اور کیبنٹ ڈویژن سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان مظاہرین اور پولیس میں تصادم جاری ہے اور مختلف ہسپتالوں میں 425زخمیوں کی منتقلی کی تصدیق ہوگئی ہے اور ایمبولینسوں میں وقفے وقفے سے مزید زخمی لائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے شیلنگ کی جارہی ہے جن کے جواب میں مظاہرین کی طرف سے پتھراﺅکیاجارہاہے۔پولیس کی طرف سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی وجہ سے پی ٹی وی کے دفترمیں ملازمین کے لیے کام کرنابھی دشوار ہوگیاہے ۔دوسری طرف مظاہرین نے پارلیمنٹ کے احاطے میں خیمے لگالیے ہیں ، علاقے کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر فوج اور رینجرز کے اہلکارتعینات ہیں ۔

ریڈزون پر مظاہرین کی چڑھائی ،جھڑپیں جاری ، تازہ دم دستے پہنچ گئے