Live Updates

وزیراعظم نواز شریف اورپارٹی رہنماؤں میں ٹیلیفونک رابطے

سیاسی صورتحال ‘ پی ٹی آئی سے مذاکراتی عمل اور دھرنوں کی وزیر اعظم ہاؤس کے باہر منتقلی کے معاملے پر مشاورت ‘ ذرائع

ہفتہ 30 اگست 2014 23:05

وزیراعظم نواز شریف اورپارٹی رہنماؤں میں ٹیلیفونک رابطے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف اور پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال ‘ پی ٹی آئی سے مذاکراتی عمل اور دھرنوں کی وزیر اعظم ہاؤس کے باہر منتقلی کے اقدام پر ٹیلیفونک رابطوں میں مشاورت کی گئی ، چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف کوریڈ زون کی سکیورٹی جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار نے تحریک انصاف سے ہونیوالے مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان سے ضروری ہدایات بھی لیں ۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف سے جاتی امراء رائے ونڈ میں تفصیلی ملاقات کے علاوہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا وزیر اعظم سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا جس میں تازہ ترین صورتحال زیر غور آئی ۔

رات کے وقت عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے دھرنوں کی وزیر اعظم ہاؤس کے باہر منتقلی کے اعلانات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان رابطہ ہواجس میں وزیر داخلہ نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں حکومتی ٹیم کے پی ٹی آئی سے ہونیوالے مذاکراتی عمل بارے وزیر اعظم کو تفصیلی آگاہ کیا گیا اور انہیں پی ٹی آئی کے مطالبات کی فہرست اور حکومتی موقف سے بھی آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق آج وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس بھی ہونے کا امکان ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل بارے غور کیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات