Live Updates

آزادی یا موت کا فیصلہ کرچکا ہوں، ہم جمہوریت کو کمزور نہیں بلکہ اسے مضبوط کرنے آئے ہیں ،آزادی حاصل کیے بغیر اسلام آباد سے نہیں جائیں گے، عمران خان

ہفتہ 30 اگست 2014 23:05

آزادی یا موت کا فیصلہ کرچکا ہوں، ہم جمہوریت کو کمزور نہیں بلکہ اسے مضبوط ..

اسلام آباد(آن لائن) چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنا دھرنا وزیراعظم ہاؤس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آزادی یا موت کا فیصلہ کرچکے ہیں اور آزادی حاصل کیے بغیر اسلام آباد سے نہیں جائیں گے۔ ہفتہ کی رات وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے منتقل ہونے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امن طور پر وزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے، احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے،ہم نے اب تک کوئی بھی عمل آئین و قانون کے باہر نہیں کیا اور نہ ہی کریں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف سے کہتے ہیں کہ جب تک الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات ہوں گی صرف ایک ماہ کیلئے استعفیٰ دے دیں، اگر تحقیقات میں دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو خود نوازشریف کو واپس لے کر آؤں گا لیکن اگر تحقیقات کا نتیجہ دھاندلی نکلا تو نوازشریف اور سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری سمیت عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والے ہر شخص کو سزا ملے گی لیکن نوازشریف تباہ کرنے کیلئے تیار ہیں پر کرسی چھوڑنے کے لیے نہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ہم پولیس، رینجرز اور فوج کو پیغام دیتے ہیں کہ مظاہرین ان کے اپنے لوگ ہیں، ہم پر امن آئے تھے اور پر امن ہی جائیں گے ان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہ کیا جائے، ہم جمہوریت کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے لیکن اس حسنی مبارک جمہوریت کو صرف عوام کی طاقت ہی ہٹاسکتی ہے،پارلیمنٹ اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں کرسکتیں، کارکنان میرا ساتھ نہ چھوڑیں میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہآزادی یا موت کا فیصلہ کرچکا ہوں، آزادی لیے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے، جتنا بھی وقت لگے یہاں رکیں گے، بادشاہت کسی طرح قبول نہیں، حکمران اپنے آپ کو قانون سے بالاتر اور خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں انہوں نے پاک فوج کو بھی بدنام کیا۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے پیچھے فوج نہ آج ہے اور نہ ہی کل تھی اور نہ آ ئندہ ہوگی،اس موقع پر انہوں نے جاوید ہاشمی سے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا، عدلیہ کی آزادی میں بھی سب سے آگے تھا ہم جمہوریت کو کمزور نہیں بلکہ اسے مضبوط کرنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جو کچھ کررہے ہیں وہ جمہوری عمل کا حصہ ہے، ہم نوازشریف کو نہیں بھگا رہے بلکہ احتساب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ہمارا حق ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات