Live Updates

چند ہزار لوگوں کو بٹھا کر حکومت کیخلاف سازش کی جارہی ہے،عابد شیر علی ،عمران خان کو آزاد الیکشن کمیشن اور عدلیہ پر اعتماد نہیں ، پاکستان کی حفاظت کرنا حکومت اور فوج کی مشترکہ ذمے داری ہے ، میڈیا سے گفتگو ، پاکستان کے اندرونی معاملات کو فوج کے تعاون سے حل کرنا کون سا بڑا جرم ہے ، وزیر مملکت

ہفتہ 30 اگست 2014 20:18

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہاہے کہ اسلام آباد میں چند ہزار لوگوں کو بٹھا کر حکومت کے خلاف سازش کی جارہی ہے ، عمران خان کو آزاد الیکشن کمیشن اور عدلیہ پر اعتماد نہیں ، پاکستان کی حفاظت کرنا حکومت اور فوج کی مشترکہ ذمے داری ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کو آزاد الیکشن کمیشن اور عدلیہ پر اعتماد نہیں جن ججوں کی مدت ملازمت پوری ہوجاتی ہے عمران خان ان کے خلاف یوٹرن لے لیتے ہیں، روزانہ ایک ہی کہانی سنائی جاتی ہے۔

صبح سے شام تک ایک طوطا کہانی ہے۔ تین گھنٹے بعد ایک خطاب کرتا ہے تین گھنٹے بعد دوسرا خطاب کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دھرنوں میں کفن اوڑھ کر لوگ چاہتے ہیں کہ خون خرابہ ہو ۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں فوج اور حکومت کی ذمے داری ہے کہ صورت حال کنٹرول کریں۔ پاکستان کی حفاظت کرنا حکومت اور فوج کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہماری حکومت کا فرض ہے کہ مسلح افواج کے ساتھ مل کر حکمت عملی طے کرے، مسلح افواج ہمارے آنکھ اور کان ہیں، اسٹیٹ کے ستون ہیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ فضل الرحمان، محمود اچکزئی کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ لوگ لے آئیں تو مخالفین کی دھرنیاں نظر نہیں آئیں گی۔ انہوں نے کہاکہ (ن )لیگ چاہتی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات ہو۔ مقدمے میں ان کا بھی نام شامل ہے۔ ان کا کیا قصور ہے؟ کیاکراچی میں روزانہ لوگوں کے قتل اور خیبر پختونخوا میں جیل توڑنے کا مقدمہ وزیراعلیٰ پر ہونا چاہئے؟عابد شیر علی نے کہا کہ کفن پہن کر اور قبریں کھود کر کیا پیغام دیا جارہا ہے۔

عابد شیر علی نے کہاکہ دھرنوں سے پاکستان کا امیج دنیا بھر میں خراب ہورہا ہے آخر پاکستان کے اندرونی معاملات کو فوج کے تعاون سے حل کرنا کون سا بڑا جرم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شیخ رشید نے کہا کہ ستمبر تک ن لیگ کی حکومت نہیں رہنی چاہئے۔ عوامی تحریک ، تحریک انصاف کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات