Live Updates

آئندہ دو ہفتوں میں دیہی و بنیادی مراکز صحت کو فعال بنانے کے حوالے سے فول پروف ماڈل ،جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے‘ شہباز شریف

ہفتہ 30 اگست 2014 17:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صحت کے شعبے کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور عام آدمی کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے، محکمہ صحت کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر موٴثر طریقے سے عملدرآمد کیا جائے گا، صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالے سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، ڈیفڈ کے تجربات، سپورٹ اور مشاورت سے صحت کے شعبہ کی بہتری کے اہداف حاصل کریں گے۔

موبائل ہیلتھ یونٹ پراجیکٹ انتہائی کامیاب رہا ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہفتہ کے روز پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عزم الحق، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر ، پاکستان میں ڈیفڈ کے سربراہ رچرڈ منٹگمری، ڈیفڈ کی روڈ میپ کی ٹیم، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز ، ماہرین صحت اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈیفڈ کی ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ ٹیم کے سربراہ نے روڈ میپ کی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی بہتری کیلئے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کو محنت، لگن اور جذبے سے کام کرتے ہوئے کامیاب بنانا ہے۔ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر عملدرآمد کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا موٴثر نظام اپنایا جائے تاکہ روڈمیپ سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔ ان مراکز صحت کو حقیقی معنوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے سینٹرز بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں دیہی و بنیادی مراکز صحت کو فعال بنانے کے حوالے سے فول پروف ماڈل اور جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن پروگرام کی کوریج کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے بھی موٴثر اقدامات کئے جائیں۔

ویکسی نیٹرز کی تربیت کے پروگرام کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ویکسی نیشن پروگرام پر عملدرآمد کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے تحت زچہ بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی طرز پر ہیلتھ ورکرز کو بھی جدید تربیت سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کو بھی موثر اور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

پنجاب رورل سپورٹ پروگرام سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے اس کے تنظیمی ڈھانچے اور دیگر ضروری تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کو اجتماعی کاوشوں سے کامیاب بنانا ہے اور اس پروگرام کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح آبادی کو کنٹرول کئے بغیر تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی سے بھرپور استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔

شرح آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے عوام الناس کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے آگاہی پروگرام، سیمینارز اور مباحثوں کا اہتمام کیا جانا چاہیئے۔ دور دراز علاقوں بہبود آبادی کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر اور پاکستان میں ڈیفڈ کے سربراہ رچرڈ منٹگمری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے تعلیم کی طرح صحت کے شعبہ میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے ویژن، عزم اور کام کرنے کے جذبے کو دیکھتے ہوئے قوی امید ہے کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے اہداف بھی ضرور حاصل ہوں گے۔ ڈیفڈ کی روڈمیپ ٹیم کے اراکین نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ حکومت کا بڑا اقدام ہے اور اس پر عملدرآمد سے صحت کے شعبہ میں بہتری آئے گی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :