Live Updates

شیخ رشید، جمشید دستی بھی استعفے دیں، پی ٹی آئی اراکین کا مطالبہ

ہفتہ 30 اگست 2014 13:13

شیخ رشید، جمشید دستی بھی استعفے دیں، پی ٹی آئی اراکین کا مطالبہ

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) پی ٹی آئی نے اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور آزاد رکن اسمبلی جمشید دستی بھی استعفیٰ دیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایک سینئر پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے اراکین سے استعفے طلب کرنے میں کامیاب رہے تاہم وہ شیخ رشید کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تحریک انصاف کا حصہ بننے والے جمشید دستی نے بھی قومی اسمبلی کو الوداع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماوٴں کا خیال تھا کہ استعفے پیش کرنے سے حکومت پر مطالبات کی منظوری کیلئے دباوٴ بڑھے گا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے تمام اتحادی استعفے دے دیں تو اس سے حکومت پر زبردست دباوٴ پڑے گا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کا دھمکی آمیز رویہ صرف پارٹی اراکین کے ساتھ ہے، اتحادیوں کے ساتھ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے 30 اراکین میں سے 28 نے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم دو نے تاحال انہیں پیش نہیں کیا۔قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے 31 اراکین میں سے 28 نے استعفے پیش کیے تاہم تین نے عمران خان کی وارننگ کے باوجود ابھی تک انہیں پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ شیخ رشید این اے 55 میں پی ٹی آئی کی وجہ سے جیتے تھے جہاں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان کی الیکشن مہم کو چلایا تھا رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی ایم پی اے پی پی 13 راولپنڈی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے تمام ممبران نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے استعفے پیش کردئیے ہیں تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ شیخ رشید کے استعفیٰ نہ دینے پر کچھ اراکین کو تحفظات ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات