قیام امن کی خاطر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جھوٹی ایف آئی آر وزیراعظم تک کے خلاف درج کرنے کی اجازت دی ‘ پرویز رشید

ہفتہ 30 اگست 2014 13:07

قیام امن کی خاطر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جھوٹی ایف آئی آر وزیراعظم تک کے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) وزیراطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے قیام امن کی خاطر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جھوٹی ایف آئی آر وزیراعظم تک کے خلاف درج کرنے کی اجازت دی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 17 جون کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں جب افسوسناک واقعہ پیش آیا اس وقت وزیراعظم محمد نوازشریف ملک سے باہر تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسائل کا پرامن طور پر بہتر حل تلاش کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ لچک کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دھرنے اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کے دلائل میں کوئی وزن اور جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی مسائل کا حل تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں کسی سے ثالث یا ضامن کا کردار ادا کرنے کیلئے نہیں کہا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی اہم عمارتوں اور حساس تنصیبات کی حفاظت کیلئے مسلح افواج کو آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میڈیا ٹرائل اور حکومت پر بے بنیاد الزامات پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی طرف سے جلسوں میں خود درخواست گزار، وکیل اور خود ہی جج بنتے ہوئے فیصلے سنانے پر حیرانگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے بعض عناصر کے ذریعے حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر پی ٹی آئی کے سربراہ پر تنقید کی۔ وفاقی وزیر سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان خود اس بات کی وضاحت کرسکتے ہیں کہ وہ آرمی چیف آف سے کیوں ملنا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :