ضربِ عضب نے عارضی طور پر دشمن کے پاوں اکھاڑدئیے ہیں ، امریکا

ہفتہ 30 اگست 2014 13:03

ضربِ عضب نے عارضی طور پر دشمن کے پاوں اکھاڑدئیے ہیں ،  امریکا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30اگست 2014ء) امریکی عسکری قیادت نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں پاکستان کے عسکری آپریشن ضربِ عضب کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم اس نے عارضی طور پر دشمن کے پاوں اکھاڑ دیے اور وہ افغانستان فرار ہو گئے ہیں۔ امریکا کے میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ اور امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں عسکری کارروائیوں پر کوئی فیصلہ کرنا تاحال قبل از وقت ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر بھی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بات درحقیقت اہمیت رکھتی ہے وہ یہ ہے کہ آیا وہ تینوں مرحلے مکمل کر سکتے ہیں یعنی علاقے کو خالی کروانا ، اس پر کنٹرول حاصل کرنا اور اس کو آباد کرنا۔ جنرل ڈیمپسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج بدستور اس آپریشن کے پہلے مرحلے میں ہے یعنی وہ علاقے سے شدت پسندوں کا صفایا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فوج کو اب یہ دکھانا ہو گا کہ وہ اس علاقے کو سنبھال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پاکستان کے لیے اس علاقے میں قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا اہم ہو گا۔