کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد سے 5 افراد جاں بحق

ہفتہ 30 اگست 2014 12:29

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد سے 5 افراد جاں بحق

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30اگست 2014ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 4 افراد جاں بحق جب کہ سرجانی ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔ کراچی کے علاقے قائد آباد میں واقع شفیع ہوٹل کے قریب سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں ہاتھ پاؤں باندھنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

مقتولین کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقے میں دو گروپوں میں تصادم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ایک دن قبل بھی ملیر ڈویژن سے تین افراد کی لاشیں ملی تھیں۔

دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن اسپارکو روڈ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ ادھر سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ اسکے 2 ساتھی فرار ہو گئے، پولیس نے ڈاکو کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

متعلقہ عنوان :