ڈیڈ لائن میں توسیع کا وقت ختم ہو گیا ہے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا ، طاہر القادری

شریف برادران شام تک مستعفی نہ ہوئے تو ثالثی آگے نہیں بڑھے گی ، شرکاء سے خطاب

جمعہ 29 اگست 2014 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ڈیڈ لائن میں توسیع کا وقت ختم ہو گیا ہے  کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے سب کچھ واضح ہو گیا وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولا اس لیے ان کا مواخذہ کیا جائے۔

ایف آئی آر کے معاملے پر بھی حکومت نے میڈیا اور قوم سے جھوٹ بولا۔ رپورٹ میں قتل کے ذمہ داروں کو رہا کرنے کی بنیاد رکھ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ مدعی کا حق ہے کہ اسے جن افراد پر شک ہے ان کے نام ایف آئی آر میں لکھوائے۔ طاہر القادری نے مطالبہ کیا کہ درست ایف آئی آر اور وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب مستعفی ہوں۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا اب ڈیڈ لائن میں توسیع کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ابھی انقلاب مارچ کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہاکہ آرمی چیف سے ان کی ملاقات تین گھنٹے اور بیس منٹ ہوئی ۔

انہوں نے آرمی چیف سے عمران خان کے ساتھ مشترکہ ملاقات بھی کی۔ طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے فوج سے کردار ادا کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی ، فوج سے درخواست وزیراعظم اور حکومت نے کی ۔ طاہر القادری نے کہا کہ وزیر اعظم کا آرمی چیف کے بارے میں بیان جھوٹا ہے ، وزیر اعظم نے قومی اسمبلی میں جھوٹ بولا ہے ۔ جھوٹا شخص وزیر اعظم نہیں ہو سکتا ، ان کا مواخذہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک غیرجانبدار ادارہ ہے ، فوج کبھی سیاسی جماعتوں کی درخواست پر ثالث نہیں بنتی۔ طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران شام تک مستعفی نہ ہوئے تو ثالثی آگے نہیں بڑھے گی ۔ طاہر القادری نے کہاکہ وزیر اعظم نے جھوٹ بولا ہے تو فوج انہیں گرفتار کرے اگر وہ غلط بیانی کر رہے ہیں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے۔