بنوں کیمپ میں شمالی وزیرستان سے آئے ہوئے 20 یتیم اور لاوارث بچوں اور بچیوں کو بیت المال کے زیرانتظام چلنے والے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں داخل کر دیا گیا

جمعہ 29 اگست 2014 23:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) بنوں کیمپ میں شمالی وزیرستان سے آئے ہوئے 20 یتیم اور لاوارث بچوں اور بچیوں کو پاکستان بیت المال کے زیرانتظام چلنے والے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں داخل کر دیا گیا ہے۔ بنوں کیمپ کے دورے کے موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ جب ان بچوں سے ملے تو انھیں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی پاکستان بیت المال نے ان بچوں اور بچیوں کو اسلام آباد میں اپنے دفتر بلا کر ان سے ملاقات کی اور پاکستان سویٹ ہوم میں ان کی رہائش کے تمام تر انتظامات مکمل کر دیئے۔ پاکستان سویٹ ہوم میں انھیں نہ صرف مفت رہائش ملے گی بلکہ کھانا، لباس اور تمام تر بنیادی ضروریات زندگی کے ساتھ ساتھ بہترین تعلیم کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر شیخ عابد وحید شیخ نے اس موقع پر کہاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ بناتے ہوئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں یہ بچے ملک کے بہترین شہری کے طور پر سامنے آئیں گے اور اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔