کراچی ، فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق،

لیاری گینگ وار کے تین مغوی کارکنوں کی لاشیں دو مختلف مقامات سے ملیں ، پولیس

جمعہ 29 اگست 2014 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء ) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار، سرکاری افسر، متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور لیاری گینگ وار کے 4کارندوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جمعرات کی شب فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج چل بسا، قتل کئے جانے والے افراد میں لیاری گینگ وار کے تین مغوی کارکنوں کی لاشیں دو مختلف مقامات سے ملیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ تھانے کی حدود ایوب گوٹھ پولیس چوکی گلی نمبر ایک میں طارق میڈیکل اسٹور کے قریب جمعہ کی شام موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار 45سالہ لطف اللہ ولد وارث موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتول لطف اللہ سہراب گوٹھ تھانے کی آلاصف پولیس پوسٹ میں تعینات تھا اور کسی کام سے سادہ لباس میں ایوب گوٹھ کے علاقے اشرف سوسائٹی جارہا تھا کہ تعاقب کے بعد ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق دادو سے تھا اور وہ سہراب گوٹھ کا رہائشی تھا، پولیس کے مطابق مقتول نے دو شادیاں کی ہوئی تھی ،پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور ذاتی دشمنی کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

شاہ فیصل کالونی نمبر دو کے علاقے میں شمع شاپنگ سینٹر کے قریب موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے سرکاری نمبر پلیٹ کی حامل موٹرسائیکل پر سوار شخص موقع پر ہی جاں بھق ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 43 سالہ ندیم احمد شیخ ولد اشفاق احمد شیخ کے نام سے ہوئی ۔

پولیس کے مطابق مقتول ندیم احمد شیخ 16گریڈ کا سرکاری افسر اور سندھ سیکریٹریٹ میں ڈیوٹی کرتا تھا، وہ حیدر آباد کا رہنے والا اور نوکری کے باعث کراچی میں اپنے سسرال واقع شاہ فیصل کالونی نمبر 2میں ہی بیوی بچوں کے ساتھ رہائش پزیر تھا۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 9قطر اسپتال موڑ پر قائم اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول کے ٹھیہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے ، فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری قطر اسپتال لایا گیا جہاں پر ایک شخص نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں 50سالہ محمد عقیل خان اور 55سالہ ارشد ولد صغیر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مقتول کی لاش کو بھی ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں مقتول کی شناخت 55سالہ غلام نبی بخش عرف بھیا ولد پیر بخش کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول غلام نبی اورنگی ٹاؤن سیکٹر 7کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 130کا کارکن تھا تاہم وہ گزشتہ دو برسوں سے غیر فعال تھا جبکہ زخمی ہونے والے افراد بھی متحدہ کے کارکنان ہیں۔کلاکوٹ تھانے کی حدودلیاری چاکیواڑہ نمبر2 میں ناگمان مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28سالہ شعیب حسین بلوچ ولد غلام حسین ہلاک ہوگیا، مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی ۔

پولیس کے مطابق مقتول شعیب اسی علاقے کا رہائشی اور اسکا آبائی تعلق ٹنڈو الہ یار سے تھا، وہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ گروہ کا کارندہ تھا ۔ بغدادی تھانے کی حدود میں ڈاکس تھانے کے سامنے جی الانہ روڈ سے متصل نالے سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقتول کی شناخت 26سالہ شاہ ولی ولد امان اللہ افغانی کے نام سے ہوئی ہے۔

مقتول کو سینے پر گولی لگی ہے، پولیس کے مطابق مقتول نیو سبزی منڈی کے قریب افغان کیمپ کا رہائشی اور کچرا چننے کا کام کرتا تھا۔قبل ازیں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود سکھن ندی دریا آباد اللہ والا چوک سے جمعہ کی صبح ایک شخص کی ہاتھ بندھی تشدد ذدہ لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 30سالہ پرویز ولد سلیم کے نام سے کی گئی ۔

واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد میمن گوٹھ تھانے کی حدود جام گوٹھ داد رنگ سنی موڑ کے قریب سے 2 نوجوانوں کی کمبل اور چادر میں لپٹی لاشیں ملیں، لاشوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں مقتولین کی شناخت 30سالہ محمد رفیق ولد نبی بخش اور 32سالہ نزیر احمد ولد اسماعیل احمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتولین غلام علی بلوچ گوٹھ ملیر سٹی کے رہائشی اور وہ دو سال قبل ہی پرانا گولیمار سے ملیر منتقل ہوئے تھے۔

دونوں مقتولین کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے اور انہیں سروں پر ایک ایک گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ دونوں کی لاشیں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا اور وہ نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے دست راست ڈاکٹر شعیب کے ساتھی تھے جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں قتل ہونے والا بھی انہیں مقتولین کا ساتھی اور انہیں ملیر سٹی کے علاقے سے اغوا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر کے انکی لاشوں کو دو مختلف مقامات پر پھینکا گیا ہے۔

علاوہ ازیں لیاقت آباد بی ایریا میں جمعرات کی شب حجام کی دکان پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو نے والے 30سالہ بابر حسین زیدی دوران علاج آغا خان اسپتال میں چل بسا۔ پولیس کے مطابق مقتول بابر حسین لیاقت آباد بی ایریا کا ہی رہائشی اور اسکا آبائی تعلق پنجاب سے تھا ۔

متعلقہ عنوان :