آئی ایس پی آر کا بیان ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا ، ڈاکٹر طاہر القادری،

وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں قوم سے جھوٹ بولا ، ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا ، نواز شریف نے آج اخلاقی قدروں کا جنازہ نکال دیا ہے ،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 29 اگست 2014 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ، وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں قوم سے جھوٹ بولا اب ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف نے قومی اسمبلی میں جھوٹ بولا ہے اور الزام ہم پر لگادیا کہ ہمارا فوج سے رابطہ ہوا ہم نے فوج سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

جمعرات کے روز ٹی وی پر بار بار خبر چلی کہ وزیراعظم نے آرمی چیف کو کردار ادا کرنے کا کہا ہمیں رات نو بجے پیغام ملا اور میں نے آرمی چیف سے ملاقات کی اور انہیں ان کے بہت سے جھوٹ دکھائے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد نواز شریف کا جھوٹ اب کھل کر سامنے آگیا ہے اگر وزیراعظم اتنی بڑی غلط بیانی پارلیمان میں کرے تو اسے عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم روز جھوٹ بولتے ہیں جمہوریت جھوٹ سے نہیں قدروں سے چلتی ہے نواز شریف نے آج اخلاقی اور جمہوری قدروں کا جنازہ نکال دیا ہے اب ان کے پاس اس عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسی صورتحال ہوئی تو وزیراعظم استعفیٰ دیتے.