Live Updates

سیاسی بحران کے حل کیلئے تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ثالثی قبول کرنے کاخیرمقدم کرتے ہیں۔ الطاف حسین،

آرمی چیف نے مصالحت کیلئے آگے بڑھ کرپاکستان کی بڑی خدمت کی ہے ،میں مصالحت کے عمل کومکمل طور پر سپورٹ کرتاہوں ،انٹروی

جمعہ 29 اگست 2014 21:42

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے اسلام آبادمیں کئی روزسے جاری دھرنے دینے والی جماعتوں تحریک انصاف ، پاکستان عوامی تحریک اوران کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے سیاسی بحران کے حل کیلئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ثالثی قبول کرنے کاخیرمقدم کیاہے۔ صورتحال پر ایک انٹرویومیں اظہارخیال کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ یہ پیش رفت انتہائی خوش آئندہے ،اللہ کاکرم ہے کہ پاکستان بڑے خون خرابے اوربڑے نقصان سے بچ گیاہے،آرمی چیف نے ایساکرکے پاکستان کی بڑی خدمت کی ہے اورمیں مصالحت کے عمل کومکمل طور پر سپورٹ کرتاہوں۔

انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے موجودہ صورتحال میں سیاسی بحران کے حل کیلئے آگے بڑھ کر اورایک موٴثرکرداراداکرکے لوگوں کے دلوں میں گھربنالیاہے اورجولوگوں کے دلوں میں گھربناتاہے وہ بڑاانسان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

الطا ف حسین نے وزیراعظم کی جانب سے اس سلسلے میں کردارپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا” بہت دیر کی مہرباں آتے آتے “۔

انہوں نے کہاکہ فریقین خاص طورپر سویلین حکومت کوزمینی حقیقت کوتسلیم کرتے ہوئے آری چیف کی مسلمہ حیثیت کوسامنے رکھناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے چندروز قبل کہا تھاکہ فوج کی جانب سے جوبھی اقدام ہوگاوہ آئین کی چھتری تلے ہوگااوروہی ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم واحدجماعت ہے جوشر وع ہی سے یہ کوشش کررہی تھی کہ معاملہ مذاکرات اوربات چیت کے ذریعے ہو۔

الطا ف حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جہاں اس سیاسی بحران کوختم کرنے کیلئے بڑھ کرکرداراداکیاہے،آپ سے ایک اور گزارش ہے کہ آپ ایک نیک کام اورکرلیں کہ 1992ء میں جنرل آصف نوازکے دورمیں ایم کیوایم اورفوج کے درمیان جو غلط فہمیاں پیداکی گئی تھیں اورجناح پورکی سازش اوراسی طرح کے دیگرخودساختہ الزامات کے ذریعے ایم کیوایم کوملک دشمن جماعت ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ،مہاجروں کی حب الوطنی پر شک کیاگیا، لسانی فسادات کرائے گئے اورجوبھی دوریاں پیداکی گئیں وہ ان کا بھی خاتمہ کرلیں تویہ بھی ملک کی بڑی خدمت ہوگی اورایم کیوایم کی قیادت ،تمام کارکنان اورتمام مہاجرعوام دعائیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اورپاک فوج سے محبت کرنے والے ہیں۔انہوں نے جنرل راحیل شریف کومخاطب کرتے ہوئے یہ اشعار بھی پڑھے، الفت کی نئی منزل پر چلا تو بانہیں ڈال کے باہوں میں دل توڑنے والے دیکھ کے چل ، ہم بھی توپڑے ہیں راہوں میں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات