وزیرِ اعظم نواز شریف سے استعٰفی کا مطالبہ بلا جواز ہے، سینٹر رزینہ عالم خان،

کچھ لوگ انتشار پھیلا کر ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں،رہنما مسلم لیگ (ن)

جمعہ 29 اگست 2014 21:33

اِسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) مسلم لیگ ”ن“ کی رہنما سینٹر رزینہ عالم خان نے کینیڈا اور امریکہ سے واپسی پر ایک بیان میں کہا کہ چند عناصر جو غیر مُلکی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نواز شریف صاحب سے استعٰفے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ نا صرف بلا جواز ہے بلکہ ہمارے آئین کے بھی منافی ہے۔ مُلک کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا دیکھ کر اُنہیں آیندہ الیکشن میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہے۔

جس کی وجہ سے وہ الیکشن۲۰۱۳ءء کو متنازع بنانے اور مُلک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذمومقاصد کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔ اُن کے ساتھ وہ لوگ شامل ہیں جن کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے اور وہ چوراہے ہو کھڑے اُن راہگیروں کی مانند ہیں جن کی کوئی منزل نہ ہو۔

(جاری ہے)

اپنے کینیڈا اور امریکہ کے دورے کے بارے میں کئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو یومِ پاکستان کی ٹورنٹو(کینیڈا) کی تقریبات میں انہوں نے حصہ لیا اور اُسی روز اُن کی کتاب ”سنو پیاری بیٹی“ کی تقریب تعارف ہوئی جس میں انہوں نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مُلک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کا تہیہ کیا ہواہے اور متعدد ترقیاتی پراجیکٹ شروع ہو چکے ہیں۔

انشاء اللہ۲۰۱۸ءء تک آپ مُلک کی ترقی اورخوشحالی میں ایک بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ مُلک رہنے والے پاکستانی نہایت محب وطن ہوتے ہیں اسی وجہ سے انہیں مُلک میں موجودہ انتشار پر تشویش تھی۔ لہذا ضرورت ہے کہ ہم بحیثیت قوم ان شر انگیز عناصر کے غیر آئینی مطالبات کو مسترد کر دیں۔ اور مُلک کی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔