ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی آواران میں 8بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت،

واقعہ بلوچ عوام کو دست و گریباں اور فرقہ واریت کے شکنجے میں پھنسا کر لڑانے کی ایک کڑی ہے، سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے قومی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعہ 29 اگست 2014 21:18

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آواران میں 8بے گناہ افراد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذکری فرقہ کی عبادت گاہ پر حملہ نہتے اور معصوم افراد کا قتل بلوچ قوم کو مذہب اور فرقہ پرستی کے نام پر دست و گریباں کرنا اور بلوچ قوم کو اس نازک حالات میں تقسیم کرنے کی مذموم سازش اور گھناؤنا عمل ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ قوم کو فرقہ پرستی کے ذریعے تقسیم کرنے کی ماضی میں بھی منفی اور عوام دشمن قوتوں نے بڑی کوششیں کیں، لیکن بلوچ قوم نے ان مذموم اور قوم کو تقسیم کرنے والی سازشوں کو ناکام بنادیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ واقعہ بلوچ عوام کو دست و گریباں اور فرقہ واریت کے شکنجے میں پھنسا کر لڑانے کی ایک کڑی ہے، سیاسی، جمہوری ، سماجی ،دانشور اور تمام مکتبہ فکر کو آگے بڑھ کر اس قسم کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی قومی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی، وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔