Live Updates

پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات پھر ناکام ،

مثبت سوچ لے کر آئے تھے ، اعتماد کا فقدان ہو تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے ،شا ہ محمود قریشی ، حکومت آرمی چیف کے ثالثی کے کردا ر کی وضاحت کرے ، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ،حکومتی کمیٹی والے آتے ہیں مسکراتے ہیں اور چلے جاتے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 اگست 2014 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر ناکام ، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مثبت سوچ لے کر آئے تھے لیکن اعتماد کا فقدان ہو تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے ، حکومت آرمی چیف کے ثالثی کے کردار کی وضاحت کرے ، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مثبت اور تعمیری سوچ لے کر آئے تھے اور ہم نے حکومت سے ہر نشست میں نئی تجاویز اور حل پیش کیا ہے لیکن حکومت نے ہمیں کبھی کوئی تجویز نہیں دی بلکہ وہ آتے ہیں مسکراتے ہیں اور چلے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ۔ حکومت نے کل آرمی چیف کو ثالثی کی بات کی اور آج منع کردیا جو وعدے کی پاسداری نہیں کرتے ان سے کیا مذاکرات ہوں گے ۔ قومی اسمبلی میں حکومت کارویہ بالکل مختلف تھا جس پر ہم نے حکومت سے وضاحت مانگی ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے بیان کی وضاحت کریں پھر ہی مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھ سکتا ہے انہوں نے کہا کہ جب سوچ میں دن اور رات کا فرق اور اعتماد کا فقدان ہو تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے کیونکہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات