بھارتی وزیراعظم آج دوروزہ سرکاری دورے پر جاپان جائیں گے،

جاپان کے ساتھ تعاون کے بے بہا امکانات موجود ہیں،نریندرمودی کا بیان

جمعہ 29 اگست 2014 20:18

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج(ہفتہ کو)جاپان کے دوروزہ سرکاری دورے پرروانہ ہوں گے،بھارتی میڈیاکے مطابق وزیراعظم نریندرمودی اپنے جاپانی ہم منصب شنزو آبے کے ساتھ ملاقات کریں گے جس کا مقصدایشیا کی دوسری اور تیسری بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی تعلقات کا فروغ ہے، ادھرایک بیان میں وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ جاپان کے ساتھ تعاون کے بے بہا امکانات موجود ہیں۔

جاپان کی بھارت کے ساتھ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ہم دو متحرک جمہوریتیں ہیں جو دنیا میں امن اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ مودی اور آبے، ٹوکیو میں باقاعدہ مذاکرات سے قبل ہفتے ہی کے روز تاریخی شہر کیوٹو میں پرائیویٹ طور پر ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

مودی دو بار پہلے بھی جاپان کا دورہ کر چکے ہیں مگر یہ تب کی بات ہے جب وہ بھارتی ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ تھے۔

ان دونوں دوروں کے دوران ان کی شنزو آبے سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ایک بیان میں کہاکہ مودی کے دورے سے بھارتی برآمدات کو فروغ ملے گا، مودی کے دورہ جاپان کے دوران بھارتی تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی اْن کے ساتھ جائے گا۔ ترجمان کے مطابق مودی بھارت میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جاپانی تعاون حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :