نوازشریف قوم سے جھوٹ بولنے اور فوج کو بدنام کرنے پرفوری مستعفی ہوجائیں ،عمران خان

نوازشریف نے آرمی چیف کی ثالثی سے متعلق اسمبلی میں جھوٹ بول کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ، دھرنے کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 29 اگست 2014 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے آرمی چیف کی ثالثی سے متعلق اسمبلی میں جھوٹ بول کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے اور وہ فوج کو بدنام کررہے ہیں جس پر وہ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں کہا کہ تحریک انصاف خود فوج کے پاس گئی اور ہم نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی  فوج نے ہم سے خود درخواست کی کہ حکومت نے انہیں ثالث بننے کا کہا ہے جس کے بعد میں آرمی چیف سے ملنے گیا کیونکہ ہم مسئلے کا حل کسی بھی انتشار کے بغیر چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سچ سامنے آگیا ہے جس کی تصدیق پاک فوج کے ترجمان نے بھی کردی ہے  میں نے ان ہی تمام چیزوں کو دیکھ کر جنرل راحیل شریف کو کہا تھا کہ ہمیں نوازشریف پر کسی صورت اعتماد نہیں وہ اپنی زبان سے پھر جاتے ہیں اب جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دیتے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نہ جانے کتنی بار جھوٹ بولیں گے، انہوں نے ہم سے اے پی ڈی ایم میں تین مرتبہ الیکشن کے بائیکاٹ کا کہا تاہم خود الیکشن لڑا جبکہ نوازشریف نے پرویز مشرف کے ساتھ معاہدے پر بھی قوم سے جھوٹ بولا جس کے بعد معاہدہ قوم کے سامنے آگیا تھا تاہم اس پر بھی قوم سے معافی مانگنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پھر قوم سے جھوٹ بولا اور آئین کے مطابق اٹھائے گئے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی انہیں فوری قوم سے معافی مانگ کر استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ یہ وہ لیڈر ہیں جن کی کوئی زبان نہیں، انہوں نے ماڈل ٹاوٴن میں اپنی کرسی بچانے کے لیے پولیس کو بدنام کیا اور اب فوج کوبدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ بار بار کہا گیا کہ ہمارے پیچھے فوج کا ہاتھ ہے تاہم ہم گزشتہ 14 ماہ سے کہہ رہے تھے کہ اگر انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکلیں گے جس کے بعد وعدے کے مطابق سڑکوں پر آئے، ہمیں فوج نے دھاندلی کا نہیں کہا بلکہ تمام جماعتوں نے دھاندلی کا شور مچایا، نوازشریف اب سن لیں فوج ہمارے پیچھے نہیں بلکہ سارا پاکستان ہمارے ساتھ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو لوگ نوازشریف کے ساتھ جمہوریت بچانے میں لگے ہوئے ہیں وہ اپنی بھی بربادی کا سامان کررہے ہیں، اگر یہ جمہوریت ہے تو قوم اس جمہوریت کو مسترد کرچکی ہے، اگر نوازشریف نے جھوٹ بولنے کیبعد بھی استعفیٰ نہ دیا تو شام کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے کیونکہ اب فیصلہ آگیا ہے، اس موقع پر عمران خان نے پارٹی کے مستعفی نہ ہونے والے اراکین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی ارکان نے استعفیٰ نہ دیا تو انہیں پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔