امید ہے اب اونٹ کسی کروٹ بیٹھ جائیگا ،معاملات جلد سرھر جائیں گے، سراج الحق ،فوج نے اب تک خود کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھا لیکن اب فریقین نے خود ہی فوج کو مداخلت کی دعوت دیدی ہے،سیاسی معاملات میں فوج کی شرکت اچھی مثال نہیں دنیا میں اس سے ہماری عزت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ، امیر جماعت اسلامی

جمعہ 29 اگست 2014 19:22

امید ہے اب اونٹ کسی کروٹ بیٹھ جائیگا ،معاملات جلد سرھر جائیں گے، سراج ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ سیاسی معاملات میں فوج کی شرکت اچھی مثال نہیں دنیا میں اس سے ہماری عزت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ، فوج کا کام سرحدوں کا دفاع ہے ، سیاسی معاملات سیاستدانوں ہی کو مل بیٹھ کر طے کرنے چاہئیں البتہ اگر انتخابات میں دھاندلی کا خاتمہ ہو جاتاہے اور عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آزادانہ حق مل جاتاہے تو یہ ملک و قوم کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا اور ملک و قوم کی تقدیر سنور جائے گی ، ہم نے پورے اخلاص نیت سے تین ہفتے تک فریقین میں صلح کروانے اور معاملات کو مل بیٹھ کر طے کرانے کی کوشش کی ، ہم چاہتے ہیں کہ یہ بحران جلد ختم اور دنیا ہمارا جو تماشا دیکھ رہی ہے اس کا خاتمہ ہو ، فوج نے اب تک خود کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھا لیکن اب فریقین نے خود ہی فوج کو مداخلت کی دعوت دے دی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ گزشتہ تین ہفتوں میں اتنی تکلیف اور پریشانی دھرنوں میں شریک لوگوں نے نہیں اٹھائی جتنی مصیبت کا سامنا ہمیں کرنا پڑا ۔ ہم نے راتیں جاگتے بھاگتے اور سوچتے گزاری ہیں اور معاملات کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے فریقین سے بار بار ملے ہیں ۔

ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کر کے قوم کو اس بحران سے نکالنے کی مخلصانہ کوشش کی اور تمام جماعتوں کو ایک متفقہ حل پر جمع کرنے کے لیے بھاگ دوڑ کرتے رہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب اونٹ کسی کروٹ بیٹھ جائے گا اور معاملات جلد سرھر جائیں گے ۔ غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ غزہ میں ایک ماہ سے زیادہ جاری رہنے والی اسرائیلی بربریت کے بعد جنگ بندی ہو گئی ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے ہمارے بھائیوں کو کامیابی سے نوازا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر ثابت ہوگیاہے کہ گولہ، بارود اور جہازوں اور توپ تفنگ کے مقابلے میں ایمان ہمیشہ فتح یاب ہوتاہے اور اسلحہ و بارود کو شکست سے دوچار ہونا پڑتاہے ۔