اسلام آباد میں سیاسی بحران گرگٹ کی طرح رنگ بدلتاہے ، ضد ، انا کی بنیاد پر ناک بچانے کے چکر میں گردن نہ کٹائی جائے ‘ لیاقت بلوچ

جمعہ 29 اگست 2014 19:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام آباد میں سیاسی بحران گرگٹ کی طرح رنگ بدلتاہے ، سیاسی بحران کا پرامن حل نکل آئے یہی ملک و ملت کے لیے خیر کی خبر ہوگی، شاہراہ دستور آئین ، جمہوریت اور انسانوں کے خون سے رنگین نہیں ہونی چاہیے ، ضد ، انا کی بنیاد پر ناک بچانے کے چکر میں گردن نہ کٹائی جائے ، آئین ، جمہوریت اور عوام کے حقوق کی حفاظت نہ ہوئی تو یہ سیاسی اور جمہوری قوتوں کی بڑی ناکامی ہو گی ،انقلاب اور آزاد ی مارچ کی قیادت کا ایک ٹیلی فون کال اور موبائل فون پیغام پر فوجی سربراہ کی جانب مارچ کر لینا عوام کے لیے حیرانگی اور دلچسپ تاثرات کا باعث بنا ہے ، اب بھی وقت ہے کہ تمام سیاسی ،جمہوری ،آزاد میڈیا کی قوتیں پاکستان میں آئین ، جمہوری اصول، قومی سلامتی کی بنیاد پر یکسو اور یک آواز ہو جائیں اس شر میں سے یہ خیر ملک و ملت کا اثاثہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں جمعة المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کے مظلوم محصور فلسطینیوں نے اسرائیلیت اور صہیونیت کا غرور خاک میں ملا دیاہے ۔ حماس نے دنیا بھر میں مسئلہ فلسطین کو از سر نو اجاگر کر دیاہے ۔ فلسطینیوں نے اپنے خون کی قربانیاں دے کر تمام عالمی اداروں ، عالمی قوتوں اور عالم اسلام کے حکمرانوں کو پیغام دیاہے کہ مسئلہ فلسطین حل نہ کیا گیا تو پوری دنیا امن کو ترستی رہے گی ۔

ہم فلسطینیوں کی عظیم کامیابی اور عظیم الشان قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ پاکستان کے عوام نے فلسطین سے محبت ، یکجہتی اور اپنے درد کے اظہار کا حق ادا کیاہے ،لیکن یہ المیہ ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری پر حکومت پاکستان اور پاکستان کی سیاسی مقتدر قوتوں نے بے حسی اور عالم اسلام کے مسائل سے بے زاری کا اظہا رکیاہے ۔

متعلقہ عنوان :