پی ایف یو جے کا کوئٹہ میں نیوزایجنسی کے دفترپرفائرنگ سے صحافیوں کی شہادت پر افسوس کااظہار،(آج )یوم سیاہ منانے کااعلان،

ملک بھر کے پریس کلبوں میں سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا،صحافی برادری

جمعرات 28 اگست 2014 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل خورشید عباسی نے کوئٹہ میں صحافیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے بروز جمعہ کو بطور یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر ملک بھر کے پریس کلبوں میں سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے قلم کی حرمت کو پامال کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر ہم نہ کل جھکے تھے اور نہ آج جھکے گے۔ اس موقع پرصدر نیشنل پریس کلب شہریار خان، سیکرٹری طارق محمود چوہدری نے بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی بلوچستان میں خبر کی تلاش میں خود ”خبر“ بننے والے سیف الرحمان، ملک عارف، عمران شیخ، اعجاز رئیسانی، اختر مرزا، ڈاکٹر چشتی مجاہد، منیر شاکر، صدیق عیدو، رحمت اللہ شاہین، رزاق گل بلوچ، جاوید نصیر، محمد خان سامولی، ولی خان بابر، عبدالحق بلوچ، حاجی عبدالرزاق بلوچ، افضل خواجہ، عبدالقادر، محمود آفریدی، رحمت اللہ بابر، الیاس نذر، جمشید علی کھرل، عبدالاحد بلوچ، محمد اقبال، لالہ حمید بلوچ دہشت گردوں کی دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں مگر آج تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا جو کہ حکومت اور انتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ان کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔