Live Updates

طاہر القادری اور عمران خان لاشوں پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں ہم تحمل کا مظاہرہ کریں گے ، خواجہ آصف

سیاست چمکانے کے لئے لاشیں فراہم نہیں کریں گے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے ، لشکر کشی پر یقین نہیں رکھتے ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 اگست 2014 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طاہر القادری اور عمران خان لاشوں پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں ہم تحمل کا مظاہرہ کریں گے  سیاست چمکانے کے لئے لاشیں فراہم نہیں کریں گے  ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے  لشکر کشی پر یقین نہیں رکھتے۔جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں افراد تصادم چاہتے ہیں، لاشوں پر سیاست چمکانا چاہتے ہیں حکومت کی برداشت اور رواداری کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم سیاسی لوگ ہیں، لشکر کشی پر یقین نہیں رکھتے ہم نے ماضی سے سیکھا ہے، فیصلہ کیا ہے کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دیں گے جس میں خون خرابہ ہو۔

یہاں دھرنوں میں بجلی چوری کے لیے کنڈے لگے ہوئے ہیں، ان کی بجلی بھی بند کی جا سکتی ہے،عابد شیر علی کو روکا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان عوام کو یرغمال نہ بنائیں، عوام کا صبر لبریر ہو گیا تو ان کیلئے مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں اور اس میں استعمال ہونے والی زبان پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اسے حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری چاہتے ہیں کہ خون خراب ہو تاکہ وہ لاشوں پر اپنی سیاست چمکا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں کنڈے ڈال کر غیر قانونی طریقہ سے بجلی چوری کی جارہی ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اسمبلیوں کو تحلیل کرنا غیر آئینی مطالبہ ہے، طاہر القادری اور عمران خان پاکستان کے عوام پر رحم کریں، حکومت اپنی رٹ قائم کرنا چاہے گی تو دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے خلاف کوئی مطالبہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں‘ پہلی مرتبہ پارلیمانی جماعتوں نے جمہوریت اور آئین و قانون کیلئے متحد کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات