کوئی ماورائے آئین اقدام کی کوشش کی گئی تو پیپلزپارٹی دیوار بن کر کھڑی ہوگی ،سید خورشید شاہ

خدارا ملک کے خلاف کوئی جنگ نہ کی جائے، ہمارا مسئلہ وزیراعظم نوازشریف نہیں آئین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائینگے ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 اگست 2014 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی ماورائے آئین اقدام کی کوشش کی گئی تو پیپلزپارٹی اس کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن پر ایف آئی آر درج کرانا حکومت کا اچھا اقدام ہے اب طاہرالقادری سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک و قوم اور امن کی خاطر آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ حکومت نے ہی کرنا ہے جس کیلئے حکومت کو کہا ہے کہ وہ کچھ پیچھے ہٹ جائے اور دھرنے والوں کو آگے آنے دے۔سید خورشید شاہ نے کہاکہ خدارا ملک کے خلاف کوئی جنگ نہ کی جائے، ہمارا مسئلہ وزیراعظم نوازشریف نہیں ہیں، ہم آئین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اور اگر کوئی ماورائے آئین اقدام کی کوشش کی گئی تو اس کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری سے ذاتی طور پر اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک و قوم کی خاطر اور امن و آشتی کیلئے آگے بڑھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ نواز شریف یا وزیراعظم نہیں بلکہ آئین اور دستور ہے۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ آئین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا انہوں نے کہا کہ اگر کسی ماورائے آئین اقدام کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی اس کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہو گی۔