پاکستانی ڈاکٹروں کا غزہ میں طبی سہولیات کی بحالی کیلئے 2کروڑ دینے کا اعلان،

سینئر سرجنز پر مشتمل ٹیم ستمبر میں غزہ جائے گی،اب تک ایک ملین ڈالرز مالیت کی ادویات اورایمبولینس فراہم کی جا چکی ہیں،پیما

جمعرات 28 اگست 2014 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والے ہسپتالوں کی تعمیر نو اور طبی سہولیات کی بحالی کے لئے 2کروڑ کی امداد اور 2ایمبولینس عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پیما کے سینئر سرجنز پر مشتمل ٹیم ستمبر میں غزہ میں طبی خدمات انجام دے گی۔یہ بات پیما کے مرکزی عہدیدار اور ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم فیما کے صدر ڈاکٹر تنویر الحسن زبیری، ڈاکٹر طارق اسماعیل ،ڈاکٹر انتظار حسین بٹ، ڈاکٹر فخر الزمان اور ڈاکٹر عمران ظفر نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹرزبیری نے کہا کہ پیما اور فیما اسرائیلی جارحیت کے فوراً بعد سے غزہ میں میڈیکل ریلیف مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک کی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشنز کے تعاون سے ایک ملین ڈالرز مالیت کے امدادی سامان پر مشتمل 23ٹرک غزہ پہنچائے جا چکے ہیں جن میں4ایمبولینس، ادویات، سرجیکل آلات اور دیگر اشیائے ضرورت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کیجانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد اب غزہ میں تباہ شدہ میڈیکل سٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کیا جا رہا ہے جس کے دوران پاکستانی ڈاکٹروں سمیت دنیا کے سینئر ڈاکٹرز کی ٹیمیں غزہ میں وزارت صحت کے تحت مختلف تخصیصی شعبوں میں ڈاکٹرز کو تربیت دیں گی، جدید آلات سے مزین 20عددایمبولینس غزہ منسٹری آف ہیلتھ کو عطیہ کی جائیں گی جس میں پاکستان سے 2ایمبولینس کی فراہمی بھی شامل ہے، غزہ ہیلتھ آف منسٹری کی ضروریات کے مطابق ادویات، سرجیکل equipment اوردیگر سامان بھجوایا جائے گا،5عدد ایمرجنسی ہیلتھ کٹس بھجوائی جائیں گی جو کہ تین ماہ تک 50ہزار مریضوں کے لئے استعمال میں لائی جا سکیں گی،اور بین الاقوامی سطح پر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں خدمت خلق کے دیگر اداروں کوغزہ میں اہلیان غزہ کی انسانی و طبی بنیادوں پر طویل مدتی بحالی کے کام کی جانب متوجہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہ شدہ ہیلتھ سٹرکچر کی بحالی کے لئے طویل المدتی منصوبہ بندی اور کوششوں کی ضرورت ہے جسکو پیش نظر رکھتے ہوئے پیما نے لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ ڈاکٹر زبیری نے مزید کہا کہ حالیہ اسرائیل جارحیت کے دوران خصوصاً مساجد، سکولز، ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت کو نشانہ بنایاگیا ہے جس کے نتیجے میں اکثر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، ایمبولینس سروس جو کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے پر معمور تھیں، انہیں بھی خصوصی نشانہ بنایا گیا، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ 10ہزارسے زائد زخمی افراد طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں یا مکمل طور پر اپاہج ہو رہے ہیں۔

پیما کے عہدیداران نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ غزہ میں میڈیکل ریلیف کے لئے پیما کیساتھ تعاون کریں، جبکہ غزہ میں طبی امداد کے خواہشمند ڈاکٹرز بھی اپنے نام پیما مرکز میں رجسٹر کروائیں تاکہ انہیں اگلے ماہ بھجوانے والی ٹیموں میں شامل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت غزہ میں جنرل سرجن، آرتھوپیڈک سرجن، واسکولر سرجن، پلاسٹک سرجن کی فوری ضرورت ہے،پیما نے غزہ میڈیکل ریلیف کے لئے پروفیسر محمد اقبال خان کو انچارج مقرر کیا جن کی قیادت میں اس سے قبل 2مرتبہ پاکستانی ڈاکٹرز غزہ میں طبی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :