صدر مملکت ممنون حسین ترکی کے منتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئے

جمعرات 28 اگست 2014 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین ترکی کے منتخب صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے ترکی کے دو روزہ سرکاری دورہ پر جمعرات کو یہاں پہنچ گئے۔ انقرہ ایئرپورٹ پر ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی میں پاک ترک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین برہان کھایہ ترک‘ نائب گورنر انقرہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

آمد پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے خصوصی اور سٹریٹجک تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں آنا ایسے ہے جیسے کوئی اپنے گھر آتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز بھی صدر مملکت کے ہمراہ ہیں۔