حکومت کا وزیراعظم سمیت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں تمام نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اس کی تفتیش اچھی شہرت کے غیر جانبدار افسران سے کرانے کا فیصلہ،

عمران اورقادری ملک اور قوم پر رحم کرتے ہوئے اپنے دھرنے ختم ،کریں،لاشوں پر سیاست چمکانے کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سعد رفیق، دھرنے والوں نے کنڈے لگائے ہوئے ہیں ،میں نے عابد شیر علی کو کارروائی سے روکا ہوا ہے، سٹریٹ لائٹس بھی بند نہیں کی گئیں،وفاقی وزراء کی پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس

جمعرات 28 اگست 2014 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) حکومت نے وزیراعظم سمیت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کی طرف سے تمام نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اس کی تفتیش اچھی شہرت کے غیر جانبدار افسران سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک اور قوم پر رحم کرتے ہوئے اپنے دھرنے ختم کریں۔

لاشوں پر سیاست چمکانے والوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ابھی بھی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ دھرنے الوں نے بجلی کے کنڈے لگائے ہوئے ہیں ۔میں نے عابد شیر علی کو کارروائی سے روکا ہوا ہے ۔ان کی سہولت کے لئے سٹریٹ لائٹس بھی بند نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف ،وفاقی وزیر زاہد حامد،وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشیدبھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان سے رمضان المبارک سے رابطے میں تھی تاہم مسلسل گفتگو کے باوجود عمران لانگ مارچ کے مظاہرے سے دستبردار نہیں ہوئے، دھرنے دینے والوں کو لاہور میں ہی روکا جا سکتا تھا لیکن حکومت نے ایسے نہیں کیا کیونکہ حکومت کبھی بھی نہیں چاہتی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ دوبارہ ہو۔

عمران خان اور قادری نے تحریری طور پر وعدہ کیا تھا کہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہوں گے لیکن وہ وعدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہوگئے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کررہے ہیں ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔حکومت اب بھی سیاسی طور پر جواب دیتی رہی ۔حکومت نے طاہر القادری اور عمران کے تمام مطالبات ماننے کو تیار ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد تمام ملزمان پر مقدمہ بھی درج کروانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ساری عمر کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نہیں رہنا اگر ہم قوم کی خدمت نہیں کر سکے تو اگلی بار حکومت میں نہیں آ سکیں گے اور قوم ہمیں مسترد کردے گی ۔حکومت نہیں چاہتی کہ منتخب لوگوں کو گھر بھیجنے کی روایت پڑے۔قادری اور عمران نے بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے اور یہ دونوں رہنما چاہتے ہیں کہ شاہراہ دستورپر خون خرابہ ہو تاہم حکومت ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ہم نے دانستہ فیصلہ کیا کہ خون خرابے سے گریز کریں اور ایسے حالات پیدا نہیں ہونے دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنے الوں نے بجلی کے کنڈے لگائے ہوئے ہیں اور غیر قانونی طریقے سے بجلی حاصل کی جارہی ہے ۔میں نے عابد شیر علی کو کارروائی سے روکا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کی سہولت کے لئے سٹریٹ لائٹس بھی بند نہیں کی گئیں۔ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ معاملات کے حل کے لئے گورنر سندھ کی کوششیں جاری ہیں اور ان کی تمام کاوشوں کو ہم سراہتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر آنچ نہیں آنے دیں گے،پاکستان سب کا ہے ہماری برداشت کو کمزوری نہ سمجھا جائے یہ کسی ایک شخص کی انا کا مسئلہ نہیں پارلیمنٹ کی بالادستی کا تحفظ کریں گے۔۔۔