Live Updates

عام انتخابات میں مینڈیٹ چرانے والوں کے خلا ف فیصلہ کن جنگ شروع ہوچکی،عمران خان،

شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مستعفی ہوجانا چاہیے، آزادی کے اصول کیلئے تحریک انصاف نے جدوجہد کا آغاز کررکھا ہے، اگر آزادی کا ورلڈ کپ جیت گئے تو جناح کا پاکستان بنے گا ،نواز شریف کو امریکی کا سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ، ترکی ، سعودی عرب یا کوئی اور طاقت نہیں بچاسکتی ،آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 28 اگست 2014 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے کپتان عمران خان نے حکومت کیخلاف فائنل میچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دل کہہ رہا ہے کہ جلد کچھ ہونے والا ہے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر میاں شہباز شریف کیخلاف درج ہوگی ،شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مستعفی ہوجانا چاہیے مگر پاکستان میں حسنی مبارک کی ہی جمہوریت ہے جس میں حکمران بادشاہ اور رعایا غلام ہے اور اسی غلامی سے آزادی کے اصول کیلئے تحریک انصاف نے جدوجہد کا آغاز کررکھا ہے ، عام انتخابات میں مینڈیٹ چرانے والوں پر فیصلہ کن جنگ شروع ہوچکی ہے اگر آزادی کا ورلڈ کپ جیت گئے تو جناح کا پاکستان بنے گا جہاں انصاف اور حکمرانوں کا احتساب ہوگا ،پشاور میں سول سوسائٹی کی طرف سے بجلی کے بل جلانا سول نافرمانی کی ابتداء ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں ، پوری قوم سے اپیل ہے کہ سول نافرمانی کو برقرار رکھیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈی چوک میں آزادی مارچ کے شرکاء سے عبوری خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں مگر حکمران اپنا کمیشن بنانے کیلئے میٹرو جیسے منصوبے شروع کررہے ہیں جو رقم میٹرو پر لگائی گئی ہے اگر وہ عوام کا معیار زندگی بلندکرنے اور تعلیم پر لگائی جائے تو پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا ۔ عام انتخابات میں مینڈیٹ چوری ہونے سے متعلق پی ٹی آئی کے موقف کی سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تصدیق کردی ہے جس کے بعد نواز شریف کے پاس کرسی پر بیٹھے رہنے کا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ۔

نواز شریف کو غلط فہمی ہے کہ یہ مارچ ختم ہوجائے گا اور ہم گھر چلے جائینگے مگر میں نے اللہ سے وعدہ کیا ہے کہ آزادی حاصل کئے بغیرگھر نہیں جاؤنگا ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی کرسی بچانے کیلئے لڑ رہے ہیں اور اپنی مرضی کی جمہوریت عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں حقیقی جمہوریت میں وزیراعظم کی جرات نہیں ہوتی کہ وہ عوام کا ٹیکس اور ذاتی کاموں پر خرچ کرے ۔

شریف برادران کی دولت اس وقت خطرے میں ہے اور نواز شریف اور شہباز شریف کے ہوتے ہوئے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کی شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتی نواز شریف بتائیں انہوں نے بجلی کی قیمت کس قانون کے تحت بڑھائی ہے بارہ ہزار روپے مزدوری لینے والے مزدور جب پانچ پانچ ہزار روپے بجلی کے بل دینگے تو گھر کیسے چلے گا دوسری جانب ایک منشیات فروش (ایفی ڈرین) حنیف عباسی کو چالیس ارب روپے کے میٹرو بس پروجیکٹ پر چیف منیجنگ آفیسر بنا کر بیٹھا دیا ہے ۔

مریم نواز کی کیا تعلیم ہے کہ اسے سو ارب روپے کے فنڈز پر بیٹھا دیا گیا اور حمزہ شہباز ڈپٹی سی ایم بن کر پنجاب میں گھوم رہا ہے اگر ان کی حکومت چلی گئی تو یہ سب لوگ بے روزگار ہوجائینگے ۔میٹرو بس کے پروجیکٹ منیجر اور منشیات فروش حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کیس میں عدالت نے اپیل بھی خارج کردی ہے مگر یہاں اسے اربوں روپے کے فنڈز پر نواز شریف نے بٹھا کر پروٹوکول دیا ہوا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ذاتی طور پر کسی چیز کی ضرورت نہیں میں یہاں پر آپ کے لئے بیٹھا ہوں اگر چاہوں تو جا کر بادشاہوں کی طرح زندگی گزار سکتا ہوں مگر ایسا موقع پھر کبھی نہیں آئیگا شریف برادران تیس سال سے بچ رہے ہیں مگر اب وہ وقت چلا گیا ہے ۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ریوڑیاں بانٹی ہوئی ہیں اور مک مکا کررکھا ہے ۔عوام کے سامنے ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہتے ہیں مگر اندرون خانہ دونوں ایک ہیں جب برا وقت آیا تو نواز شریف ڈرائیور بن کر آصف علی زرداری کو لے آئے کہ انہیں عمران خان سے بچایا جائے مگر اب نواز شریف کو امریکی کا سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ، ترکی ، سعودی عرب یا کوئی اور طاقت نہیں بچاسکتی ۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں انصاف اور انسانیت ختم ہوجائے تو انسان جانور بن کر کاٹنا شروع کردیتے ہیں انسانیت اور انصاف کے ذریعے سارے مسائل حل کئے جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں کو تحریک انصاف کٹہرے میں لائے گی حقیقی آزادی سے پاکستان کو جناح کا قائد بنائینگے یا احتساب اور انصاف ہوگا اور حکمران عوام کو جوابدہ ہونگے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات