امریکہ میں کنونشن سے الطاف حسین کے خطاب کا پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے زبردست خیر مقدم،

کنونشن میں ملک بچانے کے لئے الطاف حسین کی کوششیں موضوع بحث رہیں سہ روزہ کنونشن کی کامیابی نے کارکنان کے حوصلے مزید بلند کر دئیے

جمعرات 28 اگست 2014 20:25

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) ایم کیو ایم امریکہ کے 18 ویں سالانہ کنونشن سے قائد تحریک الطاف حسین کے فکر انگیز خطاب کا امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی کی جانب سے زبردست خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ امریکہ کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور نامور شخصیات نے سینٹرل آفس شکاگو فون کرکے شاندار اور کامیاب کنونشن پر ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ انتہائی نازک صورتحال میں قائد تحریک الطاف حسین نے سیاست کو بالائے طاق رکھ کر ریاست کو بچانے کے لئے جس خصوصی مشن کا آغاز کیا ہے ، اللہ ان کو اس مقصد میں جلدکامیابی عطاء فرمائے اور پاکستان کو انتشار سے محفوظ رکھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کنونشن میں پاکستانی کمیونیٹی کی بھر پور شرکت اور خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا سہ روزہ کنونشن الطاف حسین دی رائٹ مین کی کامیابی نے ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران اور کارکنان کے حوصلے مزید بلند کردئیے ہیں اور انہوں نے اپنے شہروں میں واپس پہنچ کر پاکستانی کمیونیٹی سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کا مقصد ایم کیو ایم کے ملکی بقاء اور سلامتی کے لئے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔