صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،اسمبلی تحلیل نہیں کر ینگے ،پرویز خٹک،

ہم اپنے گیم پلان کے مطابق کامیابی سے قدم آگے بڑھا رہے ہیں اور ہمارے پیش نظر ذاتی مفادات نہیں بلکہ وسیع تر قومی اور عوامی مفاد ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

جمعرات 28 اگست 2014 19:30

صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،اسمبلی تحلیل نہیں کر ینگے ،پرویز خٹک،

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اسلام آباد میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گیم پلان کے مطابق کامیابی سے قدم آگے بڑھا رہے ہیں اور ہمارے پیش نظر ذاتی مفادات نہیں بلکہ وسیع تر قومی اور عوامی مفاد ہے اسلئے ہمیں اپنی ذات یا مفادات کے حوالے سے بھی کوئی فکر لاحق نہیں البتہ پریشانی اُنہیں ہو سکتی ہے جواقتدار کے حوس میں اندھے ہو کر کسی نہ کسی طریقے سے حکومت میں آناچاہتے ہیں چاہے اس کیلئے اُنہیں چور دروازے کا انتخاب اور غیر جمہوری و غیر اخلاقی سازشیں کیوں نہ کرنی پڑیں اور کتنی بڑی چمک دکھانی اور بڑی بڑی رشوتیں کیوں نہ دینا پڑیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تو اسمبلی اجلاس کیوں ریکوزٹ نہیں کیا البتہ ہم جلدصوبائی اسمبلی کا اجلاس بلا کر اپنی اکثریت دکھا دینگے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہماری پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جس میں اختلاف رائے بعض معاملات پر ہو سکتا ہے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا میں بڑا شور مچایا گیا کہ خیبر پختونخواسے تین ارکان قومی اسمبلی نے استعفے نہیں دئیے مگر اگلے روز اسی میڈیا نے خبریں چلائیں کہ ان ارکان نے استعفے عمران خان کے حوالے کر دیئے انہوں نے کہاکہ کرپشن کی طرح دھاندلی کے حوالے سے بھی ہماری پارٹی میں زیر و ٹالرنس ہے اگر ہم پرخیبر پختونخوا میں الیکشن دھاندلی کا الزام لگتا تو دوبارہ الیکشن کرانے میں ہرگزدیر نہ کرتے وزیراعلی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت مکمل آئینی تحفظ کے ساتھ مضبوط اور مستحکم ہے ہماری حکومت کو اپوزیشن سمیت کسی جانب سے کوئی خطرہ نہیں ہمارے پارٹی سربراہ عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد صوبائی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا کیونکہ وہ اکثریت میں نہیں ہم صوبائی اسمبلی کا اجلاس جلد بلا رہے ہیں جس میں اپنی اکثریت دکھائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارٹی کا کوئی فارورڈ بلاک نہیں اختلاف رائے ہو سکتا ہے مگر ہماراکوئی رکن بغاوت نہیں کریگا خیبر پختونخوا سے تین ارکان قومی اسمبلی گلزار خان ، ناصر خان خٹک اور مسرت احمد نے استعفے نہیں دےئے تھے مگر اگلے روز ہی انہوں نے پارٹی قیادت کو وضاحت کے ساتھ استعفے جمع کرائے پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تمام اراکین میرٹ پر منتخب ہوئے اگر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگتا تو ہماری حکومت احساس جرم میں پڑنے اور خود کو بچانے کی بجائے الیکشن دوبارہ کرانے کو ترجیح دیتی کیونکہ کوئی بھی دھاندلی شدہ حکومت عوام کی قرار واقعی خدمت نہیں کرسکتی بلکہ اسے ہر مرحلے پرعوامی مفادات پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے ماضی کی بعض خرابیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا ہم کرپشن سمیت دیگر تمام نا سورجڑ سے اکھاڑ رہے ہیں تحریک انصاف اپنے پارٹی منشور پر من وعن عملدرآمد کر رہی ہے اور انشاء الله کامیابی ہماری ہوگی اور ہم عوام کے سامنے ضرور سرخرو ہونگے اور نظام کی تبدیلی کا مشن پورا کرکے دم لیں گے کیونکہ یہی غریب عوام کی اولین ضرورت ہے۔