ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن صوبہ بھر کے سکولوں میں ہسٹوریکل کلب قائم کرے گی ،رانا مشہود احمد خاں

جمعرات 28 اگست 2014 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) وزیر قانون ، تعلیم، کھیل و سیاحت پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے آج پنجاب ٹورزم کمپلیکس لاہور میں ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے 23ویں سالانہ جنرل اجلاس کے موقع پر منعقد کئے گئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پنجاب یوتھ ٹورزم ونگ کے قیام کی منظوری دی گئی-اجلاس میں عمران گورایا کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین اور پنجاب اسمبلی کی رکن محترمہ تحیانون کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن اور ٹی ڈی سی پی کی” کمپنی شیئرہولڈر “کے طور پر تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ٹی ڈی سی پی کی ری سٹرکچرنگ کے سلسلے میں اب تک کئے گئے اقدامات اور ڈائریکٹرز کی سالانہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا - اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن صوبہ بھر کے سکولوں میں ہسٹوریکل کلب قائم کرے گی -ان کلبوں کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنے تاریخی و ثقافتی ورثہ سے روشناس کرانے کی غرض سے انہیں صوبے میں تاریخی اہمیت کے مقامات کی سیر کے لئے محفوظ سفر اختیار کرنے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی-اجلاس میں سیکرٹری ہائرایجوکیشن پنجاب ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ، سیکرٹری اریگیشن پنجاب ، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو بلحاظ عہدہ ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبربنانے کی منظوری بھی دی گئی-اجلاس میں صوبائی سیکرٹری یوتھ افیئرز، سیاحت، سپورٹس و آرکیالوجی محمد خان کھچی، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری کبیر احمد خاں، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس علی احمد اولکھ،ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی احمر ملک (Ahmer Mallick)نے شرکت کی جبکہ ٹورآپریٹرز کی نمائندگی اختر ممونکانے کی بعدازاں ، وزیرقانون و تعلیم پنجاب رانا مشہود احمدخاں نے کوئین میری کالج لاہور کے بورڈ آف گورنرزکے اجلاس کی صدارت کی جس میں کوئین میری کالج کے انتظامی امور سے متعلق اہم معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔