آج حکومت کی حمایت میں نماز جمعہ کے بعد استحکام پاکستان ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے،

وزیر اعظم کو غیر آئینی طریقے سے ہٹایا گیا تو بھر پور مزاحمت کریں گے،مرکزی جمعیت اہل حدیث

جمعرات 28 اگست 2014 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) آج حکومت کی حمایت میں نماز جمعہ کے بعد استحکام پاکستان ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔ وزیر اعظم کو غیر آئینی طریقے سے ہٹایا گیا تو بھر پور مزاحمت کریں گے۔ لاہور بھر میں اہل حدیث مساجد میں خطبات جمعة المبارک، استحکام پاکستان کے عنوان پر ہوں گے۔ ملک اس وقت کسی قسم کی تبدیلی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ناچ گانے کے ذریعے آنے والی کوئی تبدیلی پاکستان کے لیے زہر قاتل ہو گی۔ طاہر القادری مصطفوی انقلاب کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ شہادت کے متلاشی 24 گھنٹے کی لائیو کوریج میں کہیں بھی اللہ کے حضور سربسجود نظر نہیں آتے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے امیر مولانا رانا نصر اللہ خان اور امتیاز احمد مجاہد ایڈووکیٹ (ناظم لاہور) نے 106 راوی روڈ میں ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پاکستان کی بقا اور استحکام صرف اور صرف اسلامی انقلاب میں مضمر ہے۔ اس وقت اشد ضرورت دینی قوتوں کے اتحاد کی ہے۔ انہوں نے کہا اگر اس وقت ہم نہاد نہاد ناچ گانے کے انقلاب کے سامنے مذہبی جماعتوں نے بند نہ باندھا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا آج لاہور کی ہر مسجد میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کیا جائے گا تا کہ نئی نسل کو قیام پاکستان کے اغراض ومقاصد سے روشناس کروایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :