حکومت ایک دن کی مہمان ہے، حکمرانوں کی فرعونیت کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں‘ صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 28 اگست 2014 17:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت ایک دن کی مہمان ہے، دھرنے کے شرکاء نے صبر اور امن پسندی کی مثال قائم کی ہے، حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی پوری قوم نے دیکھ لی ہے، ہر گھر سے گو نواز گو کی آواز بلند ہو رہی ہے، حکمران جمہوریت پر خودکش حملے کے لیے تل چکے ہیں، قوم حکمرانوں سے نجات کا جشن منانے کی تیاریاں کرے، سانحہٴ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر کے اندراج میں رکاوٹیں ڈالنا توہین عدالت ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کو ملک بھر کے علماء و مشائخ اور تنظیماتِ اہلسنّت کی حمایت حاصل ہے، حکمرانوں نے 14 روز گزر جانے کے باوجود پرامن دھرنے کے کسی مطالبے پر کان نہیں دھرے، حکمرانوں کی غیرسنجیدگی افسوسناک ہے، حکمرانوں نے بے حسی کی انتہا کر دی ہے، حکمرانوں کی فرعونیت کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شریف برادران کی اقتدار میں موجودگی سے سانحہٴ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں مل سکتا۔ سیاست کو تجارت بنانے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ جمہوری اصلاحات اور بے رحم احتساب کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

سیّد خورشید شاہ وفاقی وزیر برائے اپوزیشن امور بن چکے ہیں۔ سٹیٹس کو کی حامی قوتیں تبدیلی اور انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ دھرنے کے شرکاء پر طاقت کا استعمال ہوا تو پورا ملک جام کر دیں گے۔ ہم اصولی اور حکمران وصولی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں ہونے والی تقاریر نے جلتی پر تیل ڈالا ہے۔ الله کی مدد اور عوام کی حمایت سے پرامن عوامی انقلاب برپا کر کے دم لیں گے۔

انقلاب کے لازوال جذبوں اور ولولوں کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ عوامی جذبوں کی ترجمانی کا حق ادا کریں گے اور اسلام آباد کو سیاسی سوداگروں سے پاک کیا جائے گا۔ مفاد اور عناد کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے۔ نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہونے والی ہے۔ قوم کی اکثریت حکومت سے باغی ہو چکی ہے۔