پاکستان انٹرنیشنل اےئرلائن کے قبل ازحج آپریشن 2014ء کا آغازہو گیا

جمعرات 28 اگست 2014 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) پاکستان انٹرنیشنل اےئرلائن کے قبل ازحج آپریشن 2014ء کا آغازہو گیا ہے ۔ چیئر مین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے لاہور جبکہ مینیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمان اور ڈائریکٹر ائر پورٹ سروسز اعجاز مظہر نے کراچی ائر پورٹ پر عازمین حج کو الوداع کہا۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز PK-2001 کراچی سے جدہ صبح 7 بجے 300 عازمین جبکہ لاہور سے جدہ کے لیےPK-2201 صبح 8 بجے 315 عازمین حج کو لے کر روانہ ہوئی۔

لاہور سے ہی دوسری پروازPK-2101 دوپہر 12 بجے 389 عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہو ئی۔قبل از حج آپریشن کے پہلے روز مجموعی طور پر 3 پروازوں کے ذریعے1004 عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمان نے عازمین حج کو الوداع کرتے ہوئے بتایا کہ حجاج کرام کی سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں سے عازمین حج کو مدد اور رہنمائی ملتی رہے گی جبکہ اس سال تمام عازمین حج حاجی کیمپوں کے بجائے براہ راست ہوائی اڈوں پر ہی آئیں گے جس سے اُن کے قیمتی وقت کی بچت ہو گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پی آ ئی اے پسنجر ہینڈلنگ ڈویژن نے پاکستان کے مقررہ ہوائی اڈوں اور جدہ حج ٹرمینل پر سکاؤٹس تعینات کئے ہیں۔حجاج کر ام کی رہنمائی کے سلسلے میں طبع شدہ اشتہار میں بیگیج الاؤنس ،اضافی سامان بکنگ کی تبدیلی،ٹکٹ کے دوبارہ اجارہ اور دیگر معاملات کے سلسلے میں تفصیلات دی گئی ہیں۔حج آپریشن 2014 میں پی آ ئی اے کے اپنے بوئنگ 747اور بوئنگ 777طیارے استعمال کئے جا رہے ہیں ۔

حج آ پر یشن سات شہروں سے شروع کیا جا رہا ہے جن میں کر اچی ،پشاور،لاہور،اسلام آباد ،ملتان ،کوئٹہ اور سیالکوٹ شامل ہیں۔شاہ نواز رحمان نے پی آئی اے کے تمام متعلقہ سٹاف کو عازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسلام آباد ، کو ئٹہ اور پشاور سے قبل از حج پروازوں کا آغازجمعہ 29 اگست سے ہو گا۔ مجموعی طور پر پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 54 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا ان میں سے 43 ہزار عازمین حج 112 خصوصی پروازوں جبکہ 11 ہزار معمول کی پروازوں کے ذریعے ملک بھر سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :