Live Updates

جماعت اسلامی پنجاب نے تحریک انصاف کے استعفوں پراسپیکرصوبائی اسمبلی کوخط ارسال کردیا

جمعرات 28 اگست 2014 15:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں استعفوں کے معاملے پر سپیکر صوبائی اسمبلی رانامحمد اقبال خان کو خط ارسال کردیا ہے۔خط کے متن میں کہاگیاہے کہ موجودہ ملکی صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہر سطح کی اسمبلیاں اپنی اپنی مدت پوری کریں اور اپنا کام قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے کرتی رہیں اور ملک کو کسی کو بڑے بحران سے بچایا جائے۔

وطن عزیز اس بات کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اورنیا الیکشن کروایا جائے ۔صورتحال متقاضی ہے کہ حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فریقین سے بامقصد بات چیت جاری رکھے اور ملک کے اندر بے چینی ، خوف اور دہشت گردی جیسے حالات سے قوم وملت کو بچایا جائے۔

(جاری ہے)

لہٰذا آپ سے میری درخواست ہے کہ موصول ہونے والے ممبران اسمبلی کے استعفوں کو فوری طور پر منظور نہ کیاجائے بلکہ ا س کا کوئی سیاسی اور آئینی حل تلاش کیا جائے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو باور کرایاکہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے منظور کرنے سے ملک میں ایک نیابحران جنم لے گا۔ڈاکٹر وسیم اختر نے حکومت پر زور دیا کہ اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے سیاسی بحران کو حل کرے۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاملات کو افہام وتفہیم اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے سلجھائے۔احتجاج اور دھرنوں سے وزیر اعظم بدلنے کی روایت ملک وقوم کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ صورتحال سے ملکی معیشت کوبہت بڑا دھچکا لگ چکا ہے۔پہلے ہی مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔غریب عوام دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔فیکٹریاں بند اور صنعتیں بیرون ملک منتقل ہورہی ہیں۔دن بدن سنگین سے سنگین ترہوتے سیاسی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں کسی بھی قسم کے غیر آئینی اقدامات کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کرچکی ہیں۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک گہری سازش کے تحت غیر جمہوری طاقتوں کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔پاکستان مزید عدم استحکام اور سیاسی بحران کی طوالت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔فریقین انا کے خول سے باہر نکل کرذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر نے مزید کہاکہ ماڈل ٹاؤن سانحہ پر حکمران ایف آئی آر سیل کرنے کی بجائے شامل تفتیش ہوکر خود کو کلیئر کرائیں۔تصادم کی فضاء پیداکرنے سے اجتناب کیاجائے۔دونوں فریقین کویہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ ملک وقوم کابہتر مستقبل مفاہمت اور مصالحت میں ہی مضمرہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات