پر امن،مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے،سرتاج عزیر ،

عالمی برادری ا فغانستان کی تعمیر نو میں کردار ادا کرے، نمائندہ اقوام متحدہ سے گفتگو ، جان کوبس کی سکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے بھی ملاقات ،علاقائی امور پر تبادلہ خیال

بدھ 27 اگست 2014 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء ) مشیر خارجہ سر تاج عزیر نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن اور استحکام کا خواہان ہے اور پرامن جمہوری تبدیلی کی بھر پور حماعت کرتا ہے، عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور اقتصادی ترقی کے لیے کردار ادا کرے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان جان کوبس نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی اور انہیں افغانستان میں انتخابی اور سیاسی عمل سے متعلق اقوام متحدہ کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم اور متحدہ افغانستان ہمارے مفاد میں اور پاکستان افغانستان میں بروقت انداز میں انتخابی عمل کے لئے اقدامات کی تکمیل اور دونوں صدارتی امیدواروں کی طرف سے کمٹمنٹ سمیت پرامن جمہوری تبدیلی کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس عمل کے نتیجہ میں افغانستان زیادہ مضبوط اور متحد ہو کر ابھرے گا۔

انہوں نے افغانستان کی تعمیر نو اور اقتصادی ترقی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے زیادہ کردار پر زور دیا۔جان کوبس نے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ افغانستان اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے استحکام اور اقتصادی ترقی کے لئے علاقائی کوششوں میں پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔