Live Updates

اہم خبرآنے والی ہے، اپنااہم ترین اعلان 24گھنٹوں کیلئے ملتوی کرتا ہوں،عمران خان،

آج رات یہ اعلان کیاجائیگا، تحریک کامقصدعوام کووہ اصل حقوق دلوا ناہے جوحقیقی جمہوریت میں کسی بھی ملک کی عوام کوحاصل ہوتے ہیں ،نئے پاکستان میں عدل وانصاف اورانسانیت کانظام ہوگا،عوام حکمرانوں کااحتساب کرسکیں گے ، نوازشریف دھاندلی کرکے آگے آئے ہیں اس لئے استعفیٰ دینے سے کترارہے ہیں ، تحریک انصاف اس وقت تک نہیں اٹھے گی جب تک نوازشریف مستعفی نہیں ہوجاتے ، آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب

بدھ 27 اگست 2014 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ اہم خبرآنے والی ہے جس کے باعث وہ اپنااہم ترین اعلان 24گھنٹوں کیلئے ملتوی کرتے ہیں اورآج(جمعرات ) رات 10بجے یہ اعلان کیاجائیگا، ان کی تحریک کامقصدعوام کووہ اصل حقوق دلوانا ہے جوحقیقی جمہوریت میں کسی بھی ملک کی عوام کوحاصل ہوتے ہیں ،نئے پاکستان میں عدل وانصاف اورانسانیت کانظام ہوگااورعوام حکمرانوں کااحتساب کرسکیں گے ،کرپٹ نظام کے باعث پاکستان میں امیرامیرتراورغریب غریب ترہوتاجارہاہے مگرجب بھی کوئی پاکستانی بیرون ملک گیااس نے اپنے ٹیلنٹ کی بنیادپرسب سے زیادہ ترقی کی اوریہی وجہ ہے کہ اس وقت ملک کے سارے بہترین ذہن باہربیٹھے ہوئے ہیں ۔

نوازشریف دھاندلی کرکے آگے آئے ہیں اس لئے استعفیٰ دینے سے کترارہے ہیں ، وہ مستعفی ہو ں کیونکہ انکوائری پراثراندازنہیں ہوسکیں گے ،مگرتحریک انصاف اس وقت تک نہیں اٹھے گی جب تک نوازشریف مستعفی نہیں ہوجاتے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے ڈی چوک میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں زیادہ ترآمریت رہی لیکن منتخب حکمران بھی آمروں کے راستے پرچل پڑے ،جہاں منتخب وزیراعظم آمربننے کی کوشش کرتارہااورڈکٹیٹرجمہوری بننے کی کوشش کرتارہاجس کے باعث ملک کاسارانظام تباہ وبربادہوکررہ گیا،ہمارے ملک میں انسانیت اورانصاف کانظام موجودنہیں ۔

انسانیت کے نظام میں انسانی حقوق ،فلاحی ریاست اوربرابری ہوتی ہے ،جبکہ انصاف میں آئین وقانون کی بالادستی اوراحتساب کاکڑانظام ہوتاہے ،جہاں عام شہری بھی جابرحکمران پراحتساب کرنے کاحق رکھتاہے اورسب برابرہوتے ہیں ۔انہوں نے نوازشریف کوپاکستان کاحسنی مبارک قراردیتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان میں مصرکانظام نافذکررکھاہے اورحقیقی جمہوریت مفلوج ہوکررہ گئی ہے ۔

حسنی مبارک بھی نوازشریف کے طرح کے انتخابات کرواتاتھااوراس کے بیٹوں کے بیرون ملک اربوں ڈالرپڑے ہوئے تھے جس کانتیجہ یہ نکلاکہ ایک وقت کاامیرترین مصرکرپٹ ترین ملک بن گیااوراس کاموجودہ حال حسنی مبارک کی وجہ سے ہوا،لیکن وہاں کی عوام باہرنکلی اورحسنی مبارک اوراس کے خاندان سے چھٹکاراحاصل کیا۔ان کاکہناتھاکہ دنیامیں صرف تین چارایسے ممالک ہیں جہاں حقیقی جہموریت ہے باقی تین ارب مسلمانوں کاحال بہت خراب ہے ۔

ان کاکہناتھاکہ اب تک جتنے بھی حلقے کھولے ہیں وہاں بے پناہ دھاندلی ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے الزام عائدکیاکہ مئی 2012ء کے انتخابات میں سابق چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری ،الیکشن کمیشن آف پاکستان ،آراوز،نگران حکومت اورسب لوگ ملے ہوئے تھے جنہوں نے مل کرنوازشریف کوجتوایااوربعدمیں نوازشریف نے انہی لوگوں کوبڑے بڑے عہدے دیکرنوازا،اگران لوگوں کاکڑااحتساب نہیں کیاجائیگاتوآئندہ کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوسکیں گے ۔

عمران خان کاکہناتھاکہ وہ جونیاپاکستان بنائیں گے اس میں بہترین نظام ہوگاعام آدمی کی زندگی بہترہوگا،کسان ،ٹیچرپولیس ججزسمیت سرکاری افسران کی تنخواہیں بہترکرکے کرپشن اورلوٹ مارکرخاتمہ کیاجائیگااورنظام میں شفافیت اورمیرٹ لایاجائیگا۔عمران خان نے ہندوستان کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ 35سال قبل ہندوستان سے جب وہ میچ کھیل کرواپس پاکستان آئے توایسے لگاکہ کسی امیرترین ملک میں داخل ہوئے ہیں مگرصرف بیس سال کے عرصے میں ہندوستان ہم سے بہت آگے نکل چکاہے جس کے پیچھے ان کابہترین انتخابی نظام کارفرماہے ۔

ان کاکہناتھاکہ ہندوستان میں پچاس کروڑووٹروں نے ووٹ دیئے مگرکسی نے دھاندلی کاالزام نہیں لگایا۔انہوں نے کہاکہ وہاں میرٹ اورآئین کی بالادستی کے نظام نے بہترین اصلاحات لائی ہیں ،کسان کواربوں روپے کی سبسڈیزدی جاتی ہے جس کے باعث وہاں کے کسان پاکستانی کسان کی نسبت دگنی ،تگنی ترقی کررہاہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات