Live Updates

وفاقی حکومت کے خلاف دھرنوں کا سلسلہ جاری، تحریک انصاف کی جانب سے سی ویو کلفٹن اور مزار قائد کے باہر دھرنے دیئے گئے

بدھ 27 اگست 2014 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی وفاقی حکومت کے خلاف دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سی ویو کلفٹن اور مزار قائد کے باہر دھرنے دیئے گئے۔ دھرنے میں خواتین، بچوں اور پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نامنظور، نامنظور جعلی حکومت نامنظور، انصاف دو، ووٹ کا حق دو، جعلی انتخابات نامنظور اور گو نواز گو کے نعرے لگا رہے تھے۔

دھرنے میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی اور پارٹی ترانوں پر رقص کیا۔ دھرنے کے شرکاء نے پی ٹی آئی کے جھنڈے اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ثمر علی خان، خرم شیر زمان، نجیب ہارون، سرور راجپوت، سبحان علی ساحل اور دیگر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اس لئے استعفیٰ نہیں دے رہے کہ انہیں خوف ہے کہ اگر سپریم کورٹ کے کمیشن نے انتخابات 2013ء میں دھاندلی کے حوالے سے تحقیقات کیں تو وہ نااہل ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی ہدایت پر ہم اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک نواز شریف وزیراعظم کے منصب سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل مڈٹرم انتخابات سے وابستہ ہے اور آئندہ انتخابات میں کراچی سمیت ملک بھر سے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم عمران خان بنیں گے۔

عمران خان کی قیادت میں ہی نئے پاکستان کا سفر ہوگا اور پاکستان ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف فوری مستعفیٰ ہوں، مڈٹرم انتخابات کا اعلان کیا جائے اور انتخابی اصلاحات قائم کرکے نیا الیکشن کمیشن قائم کیا جائے۔ ان رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک میں ان کا ساتھ دیں اور کراچی کے عوام ٹیکس اور یوٹیلٹی بلز ادا نہ کریں تاکہ حکومت کو گھر بھیجا جاسکے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :