Live Updates

طاہر القادری اور عمران خان فوری طورپر خود کو 18کروڑ وعوام کا نمائندہ کہنے اور اسلامی فلاحی ریاست کی ساکھ خراب کرنے پر پوری قوم سے معافی مانگیں،

ملکی سلامتی استحکام اور معیشت کو اپنے مفاد کیلئے داؤ پر لگانے والے کسی بھی صورت محب وطن نہیں ہوسکتے،سینئر سٹیزنز کونسل پاکستان

بدھ 27 اگست 2014 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) سینئر سٹیزنز کونسل پاکستان کی مجلس عاملہ نے طاہر القادری اور عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 18کروڑ عوام کی نمائندگی نہیں کرتے لہٰذا وہ خود کو 18کروڑ عوام کا نمائندہ کہنے سے گریز کریں وگر نہ پاکستان کے لاکھوں بزرگ شہری ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر مجبور ہونگے یہ مطالبہ بدھ کے روز چند مفاد پرست ٹولوں کی جانب سے ملک میں انتشار کی صورتحال پیدا کرنے پر سینئر سٹیزنز کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا جسکی صدارت سائنسدان خالد گورایا نے کی جبکہ اجلاس میں برگیڈئیر(ر) سعید خان ، برگیڈ ئیر(ر) عبدالماجد، کرنل (ر)وحید احمد ،میجر (ر) عبدالقدوس جٹ ، غلام علی ٹالپر ، خرم گنڈہ پور(ایڈوکیٹ)،احمدسفیان خان ایڈوکیٹ ، چوہدری عبدالمجید ایڈوکیٹ ، علی نواز عباسی ، محمد صابر بلوچ ، ریاض احمد راجپوت، عیسیٰ خان جلبانی ، محمد اویس تارڑ، عبدالغفور لاکھو، کرم اللہ سیال اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے کہا گیا کہ یہود و ہندو کے آلہ کار مفادپرست ٹولے قوم کے ضبط کا امتحان نہ لیں اگر 18کروڑ عوام نے ان مفاد پر ست ٹولوں کاگھیراؤ کر لیا تو ان کوکہیں بھی جائے امان نہیں ملے گی قرارداد میں کہا گیا کہ ملکی سلامتی استحکام اور معیشت کو اپنے مفاد کیلئے داؤ پر لگانے والے کسی بھی صورت محب وطن نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں اسلامی فلاحی ریاست کے دارالحکومت میں دھرنوں کے نام پر نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کی ناچ گانے کی محفلیں سجانے کی پر زور مذمت کی گئی اور مفاد پر ست ٹولوں کے رہنماؤں طاہر القادری اور عمران خان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طورپر خود کو 18کروڑ وعوام کا نمائندہ کہنے اور اسلامی فلاحی ریاست کی ساکھ خراب کرنے پر پوری قوم سے معافی مانگیں نہیں تو وطن عزیز کے 18کروڑ عوام ان کے گھروں ، دفاتراور دھرنوں کا گھراؤ کریں گے کیونکہ یہ دونوں رہنمااور ان کی بچہ پارٹیاں 18کروڑ عوام کی نمائندگی نہیں کرتیں اور نہ ہی یہ 18کروڑ عوام کی نمائندہ ہیں ۔

اجلاس میں قانونی ماہرین کی احمد سفیان ایڈرکیٹ کی زیر نگرانی کمیٹی بنائی گئی جوان دونوں رہنماؤں سمیت چوہدری برادارن ، شیخ رشید احمد اور دونوں بچہ پارٹیوں کے دیگر رہنماؤں کیخلاف بغاوت ، عوام کے حقوق صلب کرنے اور حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں پر سپریم کورٹ میں کیس داخل کرنے کی تیاری کریگی ۔ اجلاس میں وطن عزیز کے تمام سیاستدانوں ، سماجی کارکنوں کو بھی متنبہ کیا گیا کہ کوئی بھی سیاستدان اگر خود کو 18کروڑ عوام کا نمائندہ کہے گا اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی اجلاس میں طے کیا گیا کہ اگر یہودو ہندو کے مفاد پرست ٹولے 3دن کے اندر اندر دھرنے ختم کرکے قوم کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے اور پوری دنیا میں اسلامی فلاحی ریاست پاکستان کی ساکھ خراب کرنے کے اقدامات پر معافی نہ مانگی تو پھر وطن عزیز کے بزرگ شہری ان کے خلاف ملک کے کونے کونے میں دھرنے دیں گے اور ان افراد کے گھروں ، دفتروں کا گھراؤ کریں گے ، اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی گئی کہ ان مفاد پرست ٹولوں کیخلاف آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنے پر سوموٹو ایکشن اٹھا ئیں ۔

اجلاس میں کنیڈا کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ ان کا ایک شہری طاہر القادری پاکستان میں انتشار پھیلا رہا ہے لہٰذ ا ملکہ سے کیئے گئے عہد سے انحرفی پر اس کیخلاف کاروائی کی جائے اور اسے واپس کینڈا بلایا جائے وگر نہ وطن عزیز کے سینئر سٹیزنز کینڈین سفارتخانے کا گھیراؤ کرنے اور دھرنا دینے پر مجبور ہونگے جسکی تمام تر ذمیداری کینڈین حکومت پر ہوگی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات