ملک میں اس وقت افواہ سازفیکٹریاں بھرپور اندازمیں اپناکام کررہی ہیں، انجینئر عظیم رندھاوا

بدھ 27 اگست 2014 16:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء)ملک میں اس وقت افواہ سازفیکٹریاں بھرپور اندازمیں اپناکام کررہی ہیں۔اگر آئین و قانون سے انحراف کرتے ہوئے پارلیمنٹ پر شب خون ماراگیا تو تو اٹھارہ کروڑ عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔ملک وقوم کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے تمام قومی وسیاسی حلقوں کومل کر اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا نے ملکی سیاسی صورت حال پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں بعض نادیدہ قوتیں اپنے خطرناک عزائم کی تکمیل کرناچاہتی ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سیاہ دھبہ ہے۔پنجاب حکومت اس معاملے میں روڑے اٹکانے کی بجائے ذمہ داران کے خلاف عدالتی احکامات کی روشنی میں کاروائی کرے اور ان کو قرار واقعی سزادی جائے۔

(جاری ہے)

کوئی بھی شخص آئین وقانون سے ماوراء اقدامات کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پولیس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی۔

انہوں نے کہاکہ ملک گزشتہ ایک عشرے سے زائد عرصے سے دہشت گردی،مہنگائی،بے روزگاری، بدامنی اور لاقانونیت کاشکار ہے۔آئی ڈی پیز کی مشکلات عدم توجہ کے باعث دن بدن بڑھتی جارہی ہیں۔ پوری دنیا میں ہمارے سیاستدانوں کا تماشادکھایا جا رہاہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔دھرنوں کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن)نے تحریک چلائی تو تصادم کی راہ ہموار ہوگی۔ایسے فیصلوں سے اجتناب کیا جاناچاہئے جن سے حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے پر سوالیہ نشان لگ جائے۔ملک کی تمام سیاسی جماعتیں جمہوری اقدار کی مضبوطی چاہتی ہیں۔فریقین مذاکراتی عمل میں لچک کامظاہرہ کریں۔ہفتوں پر محیط دھرنوں سے کاروباری سرگرمیاں منجمد ہوکر رہ گئی ہیں۔ملکی معیشت کو اب تک8سو ارب روپے سے زائد کانقصان پہنچ چکا ہے۔