ملک میں اب مارشل لاء لگا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے،میاں محمود الرشید

بدھ 27 اگست 2014 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے اسمبلیوں سے جانے پر نظام چل جائے گا تو یہ ان کی بھول ہے، حکمرانوں کو بھی گھر جانا ہو گا، 11مئی کے انتخابات میں دھاندلی میں ملوث آر او سمیت تمام ملوث افراد کوکٹہرے میں لائیں گے اور الیکشن 2013ء کی دھاندلی کو بے نقاب کریں گے، سول نافرمانی کی تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے ہم چلائیں گے، ہمارے ووٹر استعفیٰ دینے کے بعد بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، ملک میں اب مارشل لاء لگا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں ارکان کے استعفے دینے کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس میں کہی، اس موقعہ پر ڈاکٹر مراد راس، سعدیہ سہیل رانا، سید سبطین خان سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے، میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج ہم نے پارٹی فیصلے کے مطابق تمام ارکان اسمبلی نے جو تحریک انصاف کی ٹکٹوں پر منتخب ہو کر آئے تھے انہوں نے اپنے استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیئے ہیں یہ استعفے 11مئی کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی میں انصاف نہ ملنے پر دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت جب انتخابات کے نتائج آئے تھے تو ہم ان کے خلاف آئینی اور قانونی طریقے سے دھاندلی زدہ الیکشن کو منظر عام لائیں گے، سوا سال تک ہم نے ہر اس دروازہ پر گئے جہاں سے ہمیں انصاف کی امید تھی مگر ہمیں کہیں سے انصاف نہیں ملا اور حکومت نے مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا، پچھلے 15 ماہ سے حکومت کی کارکردگی صفر رہی لوڈشیڈنگ ،مہنگائی میں روز بروز اضافہ عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جوائنٹ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں ہو پا رہی جو صوبہ پلس میں تھا آج ان حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے 500 ارب کا مقروض ہو چکا ہے جس پر پارٹی نے فیصلہ کیا کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہوا جائے، اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے اسمبلی سے جانے سے وہ نظام چلا لیں گے تو یہ ان کی بھول ہو گی ان کو بھی گھر جانا ہو گا تحریک انصاف 2013ء کے الیکشن میں کی جانے والی دھاندلی کو بے نقاب کرے گی اور اس دھاندلی میں ملوث تمام آر اوز سمیت افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لائیں گے انہوں نے کہا کہ اگر اب ملک میں مارشل لاء لگتا ہے تو اس کے ذمہ دار موجودہ حکومت اور حکمران ہوں گے، اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا پرامن ہے، اور ہمارا حق ہے، مستعفی ہونے کے بعد بھی ہمارے ووٹر ہمارے ساتھ ہیں، اب ہم سول نافرمانی کی آگاہی مہم چلائیں گے۔