Live Updates

عمران خان وزیراعظم کو او ایس ڈی بنانا چاہتے ہیں،خواجہ سعد رفیق

بدھ 27 اگست 2014 14:01

عمران خان وزیراعظم کو او ایس ڈی بنانا چاہتے ہیں،خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2اگست 2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کے چھ مطالبات مان لیے گئے اور وزیراعظم کے استعفے کو دھاندلی ثابت ہونے سے مشروط کر دیا، عوامی تحریک ڈیڈلائن واپس لے، اشتعال انگیزی سے حالات خراب ہونگے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سے کبھی بھی براہ راست ملاقات نہیں ہوئی جس سے مشکلات پیش آ رہی ہیں، میری ان سے گزارش ہے کہ مذاکرات میں براہ راست ملاقات کریں گے ، مانا کہ وہ بہت بڑے لیڈر ہیں لیکن ملک کے لیے ہم سب برابر ہیں، تحریک انصاف کے مطالبات ماننے کے باوجود ضد ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں لیکن اگر بغیر جرم ثابت ہونے پر سزا دی جانے لگ گئی اور ہزاروں لوگوں کے دبائو پر کروڑوں لوگوں کا مینڈیٹ غصب کرنے کی اجازت دی گئی تو پاکستان میں کچھ نہیں بچے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے عوامی تحریک سے اپیل کی کہ وہ ڈیڈلائن واپس لے اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے، کفن ، پھانسی اور دیگر شعلہ بیانی سے معاملات مزید خراب ہوں گے۔انھوں‌ نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ ثابت کردے کہ سابق چیف جسٹس یا ہماری حکومت دھاندلی میں‌ ملوث رہی ہے تو وزیراعظم کیا ہم سب اسمبلیوں‌ سے مستعفی ہو جائیں‌ گے.

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات