کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام انقلاب، آزادی مارچ کے حق میں ریلی

منگل 26 اگست 2014 23:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست 2014ء ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام انقلاب مارچ کے حق میں انقلاب اور آزادی مارچ کے حق میں ریلی نکالی گئی جو علمدار روڈ سے ہوتی ہوئی شہداء چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی ،ریلی میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ ہاشم موسوی ،صوبائی سیکرٹری سیاست رکن بلوچستان اسمبلی سید آغا رضا سیکرٹری جنرل کوئٹہ ڈویژن عباس علی  ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری و دیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت بحرانوں پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور اس وقت ملک میں چلنے والی تمام کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہے ہمارے قائدین نے شاہراہ دستور پر بیٹھے انقلاب و آزادی مارچ کی حمایت ملک میں تبدیلی اور انقلاب لانے کیلئے کی ہے اور قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب حکومت براہ راست ملوث ہے جس کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جو انتہائی افسوسناک عمل ہے ،رکن بلوچستان اسمبلی سید آغا رضا نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آج لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ہم نے مسلم لیگ (ن) کی حمایت نہیں کی بلکہ مخلوط حکومت میں شامل پانچ سیاسی جماعتوں کی حمایت کی ہے اگر ہمارے قائدین حکم دیں تو اس کو بھی ٹھوکر مار کر مستعفی ہوجائیں گے۔