الیکشن کمیشن کا کمپیوٹرسسٹم رات 12بجے کریش کر گیا تھا، PCSIR نے صحیح سیاہی نہیں دی : چیف الیکشن کمشنر پنجاب کا اعتراف

پیر 25 اگست 2014 20:59

الیکشن کمیشن کا کمپیوٹرسسٹم رات 12بجے کریش کر گیا تھا، PCSIR نے صحیح سیاہی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان محمد افضل خان کی جانب سے گزشتہ سال ہونے والے انتخابات میں کی گئی بد عنوانیوں کے انکشافات کے بعد الیکشن کمشنر پنجاب جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیا نی نے اعتراف کیا ہے کہ انتخابات کی رات بارہ بجے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کمپیوٹر سسٹم کریش کر گیا تھا جس کے بعد انتخابی نتائج کے حصول میں مشکلات پیش آئیں اور مینوئل طریقے سے نتائج اکٹھے کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ان کی جانب یہ بھی تصدیق کی گئی کہ پی سی ایس آئی آر کی ذمہ داری تھی کہ انتخابات میں مقنا طیسی سیاسی کی فراہمی یقینی بناتا مگر ان کی جانب سے صحیح سیاہی فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اب انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق ممکن نہیں۔ ریاض کیانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی انتخابی دھاندلی میں حصہ نہیں بن سکتا جبکہ ٹربیونلز کے کام میں بھی مداخلت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جانب سے ریٹرنگ افسران کے کام میں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنے سے منع کیا گیا تھا۔