وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل پر غور شروع کردیا

پیر 25 اگست 2014 13:02

وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل پر غور شروع کردیا

اسلا م آ با د(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل پرغور شروع کردیا ہے، اس حوالے سے حکومتی قانونی ماہرین کوکہا گیا ہے کہ فوری طور پر قانونی سفارشات مرتب کی جائیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے موجودہ الیکشن کمیشن پربڑھتے ہوئے اعتراضات کے بعد حکومتی مذاکراتی ٹیم اورسیاسی رابطہ کاروں نے اعلیٰ حکومتی شخصیت کوکہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل کے لئے قانون سازی کی جائے،جس کیلئے حکومتی شخصیت نے گرین سگنل دے دیا اوروفاقی حکومت نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

قانونی ٹیم نے اس حوالے سے مشاورت شروع کردی اور سفارشات تیار کرکے ڈرافٹ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا، بعدازاں تمام پارلیمانی جماعتوں کی رائے اور سفارشات کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کرکے نئی آئینی ترمیم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آئینی ترمیم کے ذریعے نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے انتخاب اور انتظامی معاملات کے موجودہ طریقہ کار کو تبدیل کیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیاسی رابطہ کار نے وزیراعظم کا اہم پیغام جماعت اسلامی اور ایم کیوایم کی قیادت تک پہنچادیا ہے اوراس پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری سے رابطہ کرکے کہیں کہ حکومتی ٹیم فائنل کن مذاکرات کیلئے تیار ہے تاکہ بحران کو سیاسی انداز میں حل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :