جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری

اتوار 24 اگست 2014 21:53

جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اگست۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں کسی بھی طریقے سے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس عزم کا اعادہ پیپلز پارٹی سندھ سے تعلق رکھنے والے وزراء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں اور ان کے مطالبات، پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں، سندھ حکومت کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، امن وامان اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ مسائل طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں۔

حکومت اور احتجاج کرنے والی جماعتیں مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کریں۔ سابق صدر نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کا ہر ممکن تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تو پھر حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔ اسی لئے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کا عمل جلد از جلد مکمل کرنا ہوگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر سندھ میں کوئی افسر کرپشن میں ملوث ہے تو اس کے خلاف اینٹی کرپشن کا محکمہ تحقیقات کرے اور قانون کے مطابق انہیں جیل میں ڈالا جائے۔

متعلقہ عنوان :