Live Updates

وزیر اعظم صرف ایک ماہ کیلئے مستعفی ہو جائیں ، انکوائری کے بعد فیصلہ نواز شریف کے حق میں آیا تو وزیر اعظم تسلیم کرلینگے ،عمرا ن خان ، ہمارے وکلاء پیر کو کنٹینرز کے خلاف سپریم کورٹ میں جائینگے ، آصف علی زر داری اور نواز شریف نہیں عمران خان حقیقی جمہوریت لائیگا ، (کل)اتوار کورات آٹھ بجے براہ راست ملک بھر میں ہونے والے دھرنوں سے خطاب کرونگا ،نواز شریف کے استعفے کا بعد کراچی اور کوئٹہ کا بھی رخ کرونگا ، آزادی مار چ سے خطاب

ہفتہ 23 اگست 2014 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف صرف ایک ماہ کیلئے مستعفی ہو جائیں ، دھاندلی کی انکوائری کے بعد فیصلہ نواز شریف کے حق میں آیا تو وزیر اعظم تسلیم کرلینگے ، ہمارے وکلاء پیر کو کنٹینرز کے خلاف سپریم کورٹ میں جائینگے ، آصف علی زر داری اور نواز شریف نہیں عمران خان حقیقی جمہوریت لائیگا ، (کل)اتوار کورات آٹھ بجے براہ راست ملک بھر میں ہونے والے دھرنوں سے خطاب کرونگا ،نواز شریف کے استعفے کا بعد کراچی اور کوئٹہ کا بھی رخ کرونگا ۔

ہفتہ کو آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ برطانیہ میں عراق کی جنگ کے خلاف تیس لاکھ لوگ سڑکوں پر نکلے یہ لوگ نا انصافی کے خلاف کھڑے ہوگئے اپنی حکومت کے خلاف کھڑے ہوئے یہ ناجائز جنگ ہے میں نے سوچا ایک دن میری قوم بھی نا انصافی اور ظلم کے خلاف کھڑی ہوگی اور آج میری قوم جاگ گئی ہے اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر شعور پیدا کر دیا ہے اللہ نے بچوں کو جاگ دیا ہے سکول میں بچے سیاسی ہوگئے ہیں پاکستان کا نو جوان جاگ گیا ہے آج نو جوان ، بوڑھے خواتین ہمارے ساتھ ہیں پورا پاکستان شعور رکھتا ہے انہوں نے کہاکہ پورا پاکستان جانتا ہے کون جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہے اور کون جمہوریت کی آڑ میں پیسہ بنانے کی چکر میں ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ مجھے خوشی ہے یہاں پیپلز پارٹی کے کارکن آئے ہیں ان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نواز شریف اور آصف علی زر داری کی ملاقات کے بعد ہماری پارٹی میں آنے کا فیصلہ کیا عمران خان نے کہاکہ میاں صاحب صرف ایک مہینے کیلئے مستعفی ہو جائیں کیونکہ الیکشن میں دھاندلی کی انکوائری ہے آپ کو دھاندلی سے فائدہ ہوا ہے اور یہ ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں لیکن جب تک آزاد انکوائری نہیں ہوگی تو کیسے صحیح فیصلہ ہو جائیگا ؟ صرف ایک مہینے کیلئے کرسی چھوڑ دو تاکہ فیصلہ ہو جائے الیکشن ٹھیک ہوا ہے یا نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے بتائیں کیا یہ غیر جمہوری بات ہے ، کیا یہ فوج کے کہنے پر ہے ؟اگر ایک وزیر کیخلاف کوئی انکوائری ہوتی ہے تو وہ مستعفی ہو جاتا ہے انہوں نے کہاکہ آپ وزیر اعظم رہے تو صحیح تحقیقات کیسے ہونگی ؟نواز شریف ایک مہینے کیلئے کرسی چھوڑنے کیلئے تیار نہیں اگر آپ کے حق میں فیصلہ آیا تو ہم وزیر اعظم تسلیم کرلینگے انہوں نے کہاکہ لگتا ہے کہ آپ کو خدشہ ہے انکوائری کا رزلٹ وہی آئیگا جو پوری قوم جانتی ہے عمران خان نے کہاکہ ہمارا دھرناجاری رہے گا عمران خان کو پھر کنٹینرمیں سونا پڑے گا مجھے کنٹینر میں اچھی نیند آتی ہے اور مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا انہوں نے کہاکہ جتنی مرضی کنٹینرز لگانے ہیں لگا لو آپ عوام کو نہیں رو ک سکتے عمران خان نے کہاکہ ہم اتوار اور پیر کو بھی ادھر ہونگے اگلے ہفتے بھی ادھر ہونگے جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیگا ہم یہاں سے نہیں جائینگے (کل)اتوار کورات آٹھ بجے براہ راست ملک بھر میں ہونے والے دھرنوں سے خطاب کرونگا دنیا بھر کے پاکستانی میری تقریر سنیں گے ہمارے دھرنے جاری رہیں گے اور سو ل نا فرمانی کی تحریک بھی شروع ہوگئی ہے کوئی بھی بجلی ، گیس کے بل نہ دے کوئی ٹیکس نہ دے بیرون ملک میں پاکستانیوں سے کہتا ہوں وہ بینک کے ذریعے نہیں ہنڈی کے ذریعے پیسہ بھیجیں ہم نواز شریف کی حکومت کو نہیں چلنے دینا ۔

اٹھارہ سال کی عمر میں برطانیہ گیا اور حقیقی جمہوریت کو دیکھا وہ لیڈر ووٹ سے آتے تھے اور عوام کی خدمت کرتے تھے برطانیہ میں غریب آدمی کیلئے مفت علاج ہے غریب کے بچے کیلئے مفت تعلیم ہے اور غریب کا بچہ وزیر اعظم بن سکتا ہے غریب آدمی عدالت میں جاتا ہے تو حکومت وکیل کے پیسے دیتی ہے دنیا کی فلاحی ریاست مدینہ میں بنی تھی اللہ کے نبی نے دنیا کی پہلی فلاحی ریاست بنائی تھی پاکستان کو فلاحی ریاست بننا تھا ملک میں انصاف اور جمہوریت کا نظام ہونا تھا تھوڑے سے لوگوں نے ہمارے ملک پر قبضہ کیا جمہوریت پر قبضہ کیا پیسہ چوری کر کے باہر لے گئے غر یب ، غریب ہوتا گیا اور امیر امیر ہوتا گیا بھارت میں کسان امیر ہے اس کو سستی کھاد ، سستی بجلی ملتی ہے پانی مفت ملتا ہے اس کی پاکستانی کسان سے دوگنی پیداوار ہے لیکن شریف بادشاہ کو کسان کی کیا فرق ہے نواز شریف نے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے آنا ہے انہوں نے کہاکہ جتنی بہتر جمہوریت اتنی بہتر خوشحالی ہوتی ہے نواز شریف اور حسنی مبارک کی جمہوریت میں کوئی فرق نہیں حسنی مبارک کے پیسے باہر تھے نواز شریف کے پیسے بھی باہر ہیں اس کا بھی آئین تھا ، پارلیمنٹ تھی حسنی مبارک اور اس کا خاندان امیر تھا حسنی مبارک کو عوام نے اپنی قوت سے نکالا ہم نے اس حسنی مبارک کو آزادی سکوائر سے نکالنا ہے جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتا اس وقت کنٹینرز میں رہونگا چاہے سال ہی کیوں نہ لگ جائے ۔

عوام اپنے حقوق کیلئے لڑینگے کوئی غلام نہیں بنا سکے گا ۔عوام نے دیکھنا ہے نواز شریف اور آصف زر داری جمہوریت بچاتے ہیں یا عمران خان جمہوریت بچاتا ہے عمران خان نے کہاکہ کراچی کے لوگوں کی دلیری کو سلام کرتا ہوں نواز شریف سے استعفیٰ لینے کے بعد کراچی آؤنگا کراچی منی پاکستان ہے سب سے زیادہ شعور رکھنے والے لوگ کراچی میں ہیں وہ بھی آزادی مارچ میں شرکت کررہے ہیں کوئٹہ بھی آؤنگاجتنے زیادہ کنٹینرز رکھیں گے اتنا ہی زیادہ باہر نکلیں گے پیر کومیرے وکلاء کنٹینرز پکڑنے کیخلاف سپریم کورٹ میں جائینگے کس قانون کے تحت کنٹینرز پکڑے گئے ہیں ہم قانون کے مطابق چل رہے ہیں ہم پر امن ہیں آئین اور قانون کے مطابق چل رہے ہیں کس قانون کے ذریعے راستے بند کئے ہیں لوگوں کا روز گار ختم کیا ہے کنٹینرز میں کھانے پینے کا سامان تباہ ہورہا ہے وکلاء ہمارے ساتھ ملکر جمہوریت کی جنگ لڑیں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کہہ رہیں کہ عمران پاکستان کو خرا ب کررہا ہے بچوں کو نچا رہا ہوں مولانا صاحب یہ قوم آزادی کا جشن منا رہی ہے ہم آپ کو اپنی موسیقی کی کیسٹ دے دیتے ہیں آپ اتنے لوگوں کو جمع کر کے دکھا دیں ہم آپ جیسے کرپٹ لوگوں سے پاکستان کو آزاد کرائیں گے

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات