محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کو ششیں جاری ہیں،صوبائی وزیر بلدیات

جمعہ 22 اگست 2014 23:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء)صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار مصطفٰی خان ترین نے کہا ہے کہ محکمے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور چیف آفیسران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے حکومتی سطح پر تمام تر ممکنہ کاوشیں کی جا رہی ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے زیر اہتمام چیف آفیسرز کے اجلاس کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی اسدالرحمٰن گیلانی ، ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات اخونذادہ عطااللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اقبال احمد مروت ، ڈائریکٹر جنرل رورل ڈویلپمنٹ اکیڈمی محمد حنیف ، چیف آفیسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فنڈز محدود ہیں اورمسائل زیادہ ہیں جس سے مسائل حل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں اورہماری بھر پور کوشش بھی ہے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اُنھوں نے کہا کہ محکمہ کے آفیسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ میرٹ کی بنیادوں پر کی جائے گی اور اس حوالے سے سیاسی مداخلت برداشت نہیں کرینگے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے کہا کہ محکمے کے آفیسران اپنے فرائض منصبی مخلصانہ انداز میں سرانجام دیں تا کہ عوامی مسائل بر وقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔اور اس پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ اُنھوں نے کہا کہ آفیسران کو جو مسائل درپیش ہیں سے اُنہیں آگاہ کیا جائے اور اُن کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔